نئے قذافی سٹیڈیم کا افتتاح ہوگیا، چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی ٹیم کی نئی جرسی بھی لانچ

image

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے لاہور کے اپ گریڈ ہونے والے قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

قذافی سٹیڈیم کا افتتاح پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی بھی شامل تھے۔

تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ساتھ وفاقی وزراء اور دیگر حکومتی عہدیدار بھی موجود تھے۔

قذافی سٹیڈیم کو 117 دنوں میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ’آج ہم سب کے لیے بڑی خوشی کا دن ہے کہ قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی۔‘

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’محسن نقوی صاحب کی سپرویژن میں 117 دنوں میں جو ناممکن کام تھا وہ ممکن کر دکھایا۔ میں سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔‘

وزیراعظم نے پاکستانی ٹیم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’چیمپئنز ٹرافی آپ کی منتظر ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی مدد کریں گے۔ آپ پوری قوم کے ہیروز ہوں گے۔ آپ 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے۔ ہم سب آپ کے لیے دعا گو ہیں۔‘

شہباز شریف نے کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آپ سے بہت توقع ہے۔‘

انہوں نے مزاحیہ انداز میں شاہین شاہ آفریدی سے اپنے سسر یعنی شاہد آفریدی کے نقش قدم پر چلنے کا بھی کہا۔

وزیراعظم نے انڈیا کے خلاف میچ کے بارے میں کہا کہ ’آپ ہمسایہ ملک کو شکست دے کر 24 کروڑ عوام کا دل جیتیں گے۔ دعا گو ہیں کہ ہماری ٹیم انڈیا کو شکست فاش دے۔‘

انہوں نے پاکستانی فاسٹ بولرز سے انڈیا کو ٹف ٹائم دینے کا بھی کہا۔

پاکستانی ٹیم کی نئی جرسی (شرٹ) ہلکے سبز رنگ کی تھیم پر بنائی گئی ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)

اس تقریب میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی ٹیم کی نئی جرسی بھی لانچ کی گئی۔

پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی قذافی سٹیڈیم کے سٹیج پر کپتان محمد رضوان کی قیادت میں جمع ہوئے جہاں انہوں نے نئی جرسی کی نمائش کروائی۔

پاکستانی ٹیم کی نئی جرسی (شرٹ) ہلکے سبز رنگ کی تھیم پر بنائی گئی ہے جس میں گہری سبز دھاریں بنی ہوئی ہیں۔

ٹیم کی جرسی کے درمیان میں ’پاکستان‘ لکھا گیا ہے جبکہ جرسی کے ایک جانب چیمپئنز ٹرافی اور دوسری جانب ٹیم کا لوگو بنا ہوا ہے۔

اس نئی کٹ میں گہرے سبز رنگ کا ٹراؤزر بھی شامل ہے۔

جرسی کی رونمائی کی تقریب کے بعد لائٹ شو اور آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔

تقریب میں گلوکار عارف لوہار سمیت آئمہ بیگ اور علی ظفر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.