لڑکوں کے کپڑوں میں کھیلنے والی کیلاش کی سائرہ جبین ورلڈ کپ کوالیفائرز کے کیمپ میں شامل

image
چترال کی وادیٔ کیلاش سے تعلق رکھنے والی سائرہ جبین نے ویمن ورلڈ کپ 2025 کوالیفائرز کے تربیتی کیمپ تک رسائی حاصل کر لی ہیں۔

آئی سی سی ویمن ورلڈکپ 2025 کوالیفائرز کے 30 کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں مدعو کیا گیا ہے جن میں شامل 11 خواتین بلے بازوں میں کیلاش کمیونٹی کی سائرہ جبین کا نام بھی شامل ہے جو ان دنوں ٹریننگ کیمپ میں پریکٹس کر رہی ہیں۔

سائرہ جبین چترال سے پہلی خاتون کھلاڑی ہیں جو ورلڈ کپ کوالیفائرز کے کیمپ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

سائرہ جبین کا تعلق وادیٔ کیلاش کے گاؤں رمبور سے ہے اور لاہور کی یونیورسٹی آف پنجاب کے شعبۂ ابلاغِ عامہ سے بی ایس جرنلزم کر رہی ہیں۔

سائرہ یونیورسٹی کی خواتین کرکٹ ٹیم میں شامل رہی ہیں اور آل راونڈر کے طور پر اپنی کارکردگی کا لوہا منوایا ہے۔ وہ پاکستان ڈومیسٹک ویمن ٹورنامنٹ کے علاوہ آسٹریلیا کے پراماٹا کرکٹ کلب کی جانب سے بھی کرکٹ کھیل چکی ہیں۔

سائرہ لڑکوں کے کپڑے پہن کر کرکٹ کھیلتی تھیں

کرکٹر سائرہ جبین کے والد انجینیئر خان نے اردو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ’رمبور وادی کیلاش کا چھوٹا سا گاؤں ہے جہاں کھیل کا کوئی میدان نہیں ہے، تو بچے کھیل کود کے لیے دریا کے کنارے یا کھیتوں میں جاتے تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میری بیٹی کو کرکٹ کا جنون تھا، وہ سکول سے واپس آ کر لڑکوں کے لباس پہنتی اور بال ٹوپی میں چھپا کر کرکٹ کھیلنے چلی جاتی تھیں۔‘

سائرہ کے والد کے مطابق ان کی بیٹی بڑی ہونے تک لڑکوں کی ٹیب بال کرکٹ ٹیم میں کھیلتی تھیں تاہم کالج لیول کے بعد سائرہ کو پشاور بھجوایا گیا۔

سائرہ کے والد کے مطابق ان کی بیٹی بڑی ہونے تک لڑکوں کی ٹیب بال کرکٹ ٹیم میں کھیلتی تھیں۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

 انجینیئر خان کا کہنا تھا کہ اپنی بیٹی کو خواتین کلب میں داخلہ دلانے کے لیے لاہور بھیجا۔ سائر اچھی کرکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ  تعلیمی میدان میں بھی آگے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’سائرہ جبین نے کرکٹ میں بہت محنت کی اور اللہ نے ان کو بالآخر ان کی محنت کا صلہ دے دیا ہے۔‘

’پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ کہ انہوں نے سائرہ کو کوالیفائر کیمپ میں شامل کیا۔ امید ہے میری بیٹی اپنی کارکردگی کی بدولت ورلڈ کپ سکواڈ میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوں گی۔‘

سائرہ کے والد انجینیئر خان نے کہا کہ ’چترال اور وادیٔ کیلاش پسماندہ علاقے ہیں۔ خواہش ہے کہ سائرہ جبین اپنے لوگوں بالخصوص نوجوانوں کے لیے کچھ کرے۔‘

دوسری جانب سائرہ جبین کے ویمن ورلڈکپ کیمپ میں شامل ہونے پر کیلاشی قبیلے میں جشن کا سماں ہے۔ قبیلے کے باشندوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سائرہ کی سلیکشن پر پوری قبیلے کو فخر ہے اور اُس کی کامیابی کے لیے کیلاش قبیلے میں خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.