پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کو قذافی سٹیڈیم لاہور سے بہتر بنایا گیا ہے۔کراچی میں نیشنل سٹیڈیم کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے کام میں شامل ورکرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے اصل بیرو مزدور ہیں جنہوں نے روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کیا۔چیئرمین پی سی بی کی جانب سے 700 سے زائد ورکرز کے اعزاز میں خصوصی طعام کا اہتمام کیا گیا۔محسن نقوی نے دن رات محنت کر کے سٹیڈیم کا کام مکمل کرنے پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کیا۔محسن نقوی نے مزدوروں کو کل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ دیکھنے کی دعوت دی۔ ’میچ دیکھنا آپ کا حق ہے۔ آپ نے اپنی محنت سے دل جیت لیے ہیں۔ ورکرز کی انتھک محنت کے باعث آج ہم سرخرو ہوئے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ہر مزدور ہمارا ہیرو ہے جنہوں نے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ ’نیشنل سٹیڈیم کراچی کی مین بلڈنگ کا ڈائزین بہت خوبصورت ہے۔‘خیال رہے کراچی کا نیشنل سٹیڈیم تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے مراحل سے گزرتے ہوئے مکمل طور پر تیار ہو گیا ہے، جس کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب تھوڑی دیر میں شروع ہوگی۔نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والی تقریب میں گلوکار علی ظفر، شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا سمیت دیگر فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور آتش بازی بھی ہو گی۔نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے تعمیراتی کام کو کافی تیز رفتاری سے انجام دیا گیا ہے، جہاں کل 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمز ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔پویلین کی نئی عمارت بنائی گئی ہے جبکہ ہر انکلوژر میں نئی کرسیوں کی تنصیب کے علاوہ، نئی ایل ای ڈی لائٹس اور نئی سکور سکرینز بھی نصب کی گئی ہیں۔اسی طرح آنے والے شائقین کو کھیل سے لطف اندوز ہونے کے لیے مزید کئی سہولتیں شامل کی گئی ہیں، جبکہ ہاسپٹلٹی باکسز کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔خیال رہے نیشنل سٹیڈیم کراچی چیمپیئن ٹرافی کے میچوں کی میزبانی بھی کرے گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو گا اور ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں نیشنل سٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں گی۔
اس ایونٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انڈیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔