انڈین فاسٹ بولر جسپریت بمراہ چیمپئنز ٹرافی سے باہر، متبادل کون ہوگا؟

image

انڈین کرکٹ ٹیم کے سٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ انجری کے باعث آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے ہیں۔ 

کرک انفو کے مطابق جسپریت بمراہ تاحال اپنی کمر کی انجری سے مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئے ہیں، جنوری میں سڈنی ٹیسٹ کے دوران ان کو چوٹ لگی تھی جس کے بعد وہ انگلینڈ کی وائٹ بال سیریز سے بھی باہر ہو گئے تھے۔

بمراہ نے ہفتے کے آخر میں بنگلور میں اپنے سکینز کروائے تھے جن میں کوئی سنگین چوٹ کے نشان  ظاہر نہیں ہوئے۔

لیکن بمراہ بولنگ میں واپسی کے لیے پوری طرح تیار نہیں ہیں اور ان کی واپسی پر کوئی تصدیق بھی سامنے نہیں آئی۔ 

امکان ہے کہ وہ ایک دو ہفتوں میں دوبارہ دوڑنا شروع کر دیں گے اور پھر آہستہ آہستہ بولنگ میں واپس آجائیں گے۔ بنگلورو میں بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ان کی نگرانی کرے گی۔

یہ دوسرا آئی سی سی ٹورنامنٹ ہے جس میں بمراہ انجری کی وجہ سے نہیں کھیل پائیں گے، وہ کمر کی چوٹ کی وجہ سے آسٹریلیا میں 2022 کے ٹی20 ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئے تھے۔

انڈین ٹیم میں بمراہ کی جگہ ہرشیت رانا کو رکھا گیا ہے جنہوں نے تاحال جاری انگلینڈ سیریز کے دوران اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔

آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے لیے 15 رکنی حتمی سکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ 11 فروری مقرر کی تھی۔ سکواڈ میں ہونے والی کسی بھی تبدیلی کے لیے ٹورنامنٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی سے منظوری درکار ہوگی۔

جب جنوری میں بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی اور انگلینڈ کی سیریز کے لیے عارضی سکواڈ کا اعلان کیا تو ہرشت رانا کو انگلینڈ ون ڈے کے لیے بمراہ کے بیک اپ کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔

رانا نے اپنا ون ڈے ڈیبیو ناگپور میں انگلینڈ سیریز کے پہلے میچ میں کیا جس میں انہوں نے متاثر کن آغاز کیا اور تین وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب بی سی سی آئی نے یشسوی جیسوال کے متبادل کے طور پر ورون چکرورتی کو نامزد کیا ہے، جنہوں نے عارضی سکواڈ میں جگہ بنائی تھی۔ جیسوال، سراج اور شیوام دوبے کے ساتھ نون ٹریولنگ ریزور کھلاڑی ہوں گے۔

گزشتہ ہفتے کپتان روہت شرما نے ورون چکرورتی کو ٹیم میں شامل کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سپنر میں کچھ الگ بات ہے۔ 

ورون نے انڈیا کے ٹی20 سکواڈ میں واپسی کے بعد سے 11.25 کی اوسط سے 31 وکٹیں حاصل کی ہیں، اور اتوار کو انہوں نے کٹک میں 54 رن پر 1 وکٹ لے کر اپنا ون ڈے ڈیبیو بھی کیا۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے انڈیا کا سکواڈ

روہت شرما (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول (وکٹ)، رشبھ پنت (وکٹ)، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، ہرشیت رانا، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، رویندرا جدیجا،ورون چکرورتی

نون ٹریولنگ متبادل: یشسوی جیسوال، محمد سراج، شیوم دوبے


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.