پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’جدید زراعت میں صوبہ پنجاب اور یہاں کے کسانوں کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔‘وزیراعلیٰ ہاؤس سے سنیچر کو جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے چولستان میں ’گرین پاکستان‘ پروگرام کے تحت کنڈائی اور شاپو میں منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں پنجاب حکومت کے گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت کاوشوں اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت مختصر وقت میں یہ کامیابیاں حوصلہ افزا اور ترقی کی نوید ہیں۔ فوج ملک کی معاشی ترقی کے عمل میں بھرپور حمایت جاری رکھے گی‘اس موقعے پر گرین مال اینڈ سروس کمپنی، سمارٹ ایگری فارم، زرعی تحقیق اور سہولت مرکز کا افتتاح کیا گیا۔بیان کے مطابق گرین ایگری مال اینڈ سروسز سروس کمپنی کسانوں کو ان کے گھر کے دروازے پر معیاری بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات رعایتی قیمت پر فراہم کرے گی۔ کسانوں کو ڈرونز سمیت زرعی مشینری رعایتی کرائے پر دستیاب ہو گی۔‘تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ’چولستان اور پنجاب میں آج جدید زراعت کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ زراعت کی ترقی کسان کی ترقی اور پاکستان کی خوش حالی کی ضمانت ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’گرین پاکستان جدید زراعت کے فروغ کا انقلاب ہے۔‘بیان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہداء کے بچوں اور زخمی ہونے والے غازیوں کو زمین کی الاٹمنٹ کے لیٹرز بھی دیے۔