انڈین دارالحکومت نئی دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر ہیروں کا تقریباً ساڑھے 19 کروڑ روپے کا نیکلس سمگل کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق کسٹم حکام نے کہا کہ یہ شخص انڈین شہری ہے اور وہ بنکاک سے آیا تھا۔ اس کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے نیکلس برآمد ہوا۔نیکلس کی چین پر بیضوی اور مستطیل شکل کے ہیرے جڑے ہیں، جبکہ پینڈنٹ جس کے مرکز میں پیلے رنگ کا ہیرا ہے اور اردگرد شفاف ہیرے ہیں۔ کسٹم حکام نے ملزم کے خلاف سمگلنگ کا کیس درج کیا ہے۔نیکلس کی مالیت کا تخمینہ تقریباً ساڑھے چھ کروڑ انڈین روپے لگایا ہے جو تقریباً ساڑھے 19 کروڑ پاکستانی روپے بنتے ہیں۔نیکلس کو کسٹم قوانین کے تحت ضبط کر لیا گیا۔ ملزم کو کسٹم قانون کے مطابق گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔