ٹورنٹو ایئرپورٹ پر جہاز لینڈنگ کے دوران الٹ گیا، 18 مسافر زخمی

image

کینیڈا کے ایک ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوئے تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ واقعہ پیر کو ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ڈیلٹا ایئرلائنز کے جہاز میں 76 مسافروں کے علاوہ عملے کے چار ارکان بھی سوار تھے۔

ایئرلائن کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منی ایپولس سے آنے والا جہاز سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔

طبی سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے کے حکام نے اے ایف پی کو بتایا کہ زخمی ہونے والے 18افراد میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ جن میں ایک بچہ، ایک 60 سالہ شخص اور ایک 40 سالہ خاتون شامل ہیں۔

حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ حادثے کے بعد فوری امدادی کارروائی شروع کی گئی اور تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں لے جایا گیا، جس کے لیے ایمبولینسز اور ہیلی کاپٹر کو استعمال کیا گیا۔

واقعے کے حوالے سے مقامی میڈیا پر ڈرامائی قسم کے مناظر دکھائے گئے ہیں، جن کو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا جا رہا ہے، جن میں مسافروں کو ایسے جہاز سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو الٹا پڑا ہوا ہے اور فائر سکواڈ کا عملہ جہاز پر پانی ڈال رہا ہے جس میں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی (فوٹو: روئٹرز)

ٹورنٹو ایئرپورٹ کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی کہ ’حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر کام کر رہی ہیں اور مسافروں اور عملے کے ارکان کو نکالا جا رہا ہے۔‘

واقعے کے بعد دیگر تمام شیڈول پروازیں معطل کر دی گئیں۔

فیس بک کے ایک یوزر، جنہوں نے دعویٰ کیا کہ اس جہاز پر سوار تھے، نے واقعے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں کریش ہونے والا جہاز دکھائی دے رہا ہے۔

انہوں نے ساتھ لکھا کہ ’ہمارا جہاز کریش ہونے کے بعد الٹ گیا ہے۔ زیادہ تر لوگ ٹھیک لگ رہے ہیں اور ہم سب باہر نکل رہے ہیں۔‘

اسی طرح ڈیلٹا کی جانب سے بھی حادثے کے حوالے سے تصدیق کی گئی۔

اس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی اطلاعات یہ ہیں کہ کوئی جان سے نہیں گیا، مزید معلومات آنے پر شیئر کر دی جائیں گی۔‘

اتوار کو کینیڈا کے مشرقی حصے میں شدید برف باری ہوئی، درجہ حرارت بہت کم ہوا جبکہ پیر کو بھی موسم کافی سرد تھا اور بعض پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

جہاز میں 76 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے (فوٹو: اے ایف پی)

وفاقی وزیر ٹرانسپورٹ انیتا آندد نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے جہاز میں 80 افراد سوار تھے۔

انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ وہ حادثے کے حوالے سے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، اور معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہیں۔

کینیڈا کی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور تفتیشی ٹیم سائٹ پر پہنچ گئی ہے۔

یہ حادثہ پڑوسی ملک امریکہ میں ہونے والے ان حادثات کے کچھ ہی عرصے بعد پیش آیا ہے جن میں پرواز کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے کی آپس میں ٹکر بھی شامل تھی، اس میں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اسی طرح فلاڈیلفیا میں بھی طبی ٹیم کا ایک جہاز گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.