سوشل میڈیا پر ایک خبر نے ہلچل مچا دی ہے جس میں امریکی یوٹیوبر "مسٹر بیسٹ" کی ماہانہ آمدن کا ایک اسکرین شاٹ وائرل ہوگیا ہے۔
یہ اسکرین شاٹ ایکس (پہلے ٹویٹر) پر شیئر کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ کی کمائی تقریباً 40 لاکھ ڈالر تک پہنچتی ہے۔
لیکن، اس اسکرین شاٹ کے ساتھ واضح طور پر یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ معلومات ابھی تک تصدیق شدہ نہیں ہیں، لہٰذا اس پر یقین کرنا قبل از وقت ہوگا، اور یہ محض ایک گمان ہوسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس اسکرین شاٹ پر لوگوں کے ردعمل کی بھرمار ہو گئی ہے۔ کچھ صارفین حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں، جب کہ کچھ کا ماننا ہے کہ مسٹر بیسٹ کی کمائی اس سے کہیں زیادہ ہوگی۔ ایک صارف نے تو یہ بھی کہا کہ ان کی کمائی اس رقم سے زیادہ ہونی چاہیے کیونکہ انہوں نے دنیا بھر میں فلاحی کاموں میں بھی بڑی سرمایہ کاری کی ہے۔
یاد رہے کہ مسٹر بیسٹ کو ان کے دلچسپ اور چیلنجنگ ویڈیوز کے لیے جانا جاتا ہے، جن میں بڑی نقد انعامی رقم دی جاتی ہے۔ ان کا یوٹیوب چینل، جس پر 364 ملین سبسکرائبرز ہیں، ان کی کامیابی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔