امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اہم عہدیدار اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ایک تقریب میں شرکت کے دوران ایک بڑا آرا بھی اپنے ہمراہ لے آئے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو ریاست میری لینڈ میں کنزرویٹو پولٹیکل ایکشن کانفرنس کا انعقاد ہوا منعقد ہوا جس میں ایلون مسک نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران ایلون مسک ہاتھ میں آرا لہراتے ہوئے سٹیج پر آئے اور کہا کہ ’یہ بیوروکریسی کے لیے۔‘یہ آرا دراصل ارجنٹینا کے صدر ہاویئر میلی نے ایلون مسک کو تحفے میں دیا تھا جس پر ہسپانوی زبان میں یہ الفاظ درج تھے، ’آزادی زندہ باد۔‘ خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے ایلون مسک کو وفاقی اخراجات میں کمی، بیوروکریسی میں ریڈ ٹیپ کے خاتمے، وفاقی اداروں کی تنطیم نو اور سرکاری ملازمین کی تعداد میں کمی لانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔خیال رہے کہ جمعرات کو امریکی انٹرنل ریونیو سروس کے 6 ہزار ملازمین کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ انہیں نکال دیا جائے گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور ٹیسلا کمپنی کے سربراہ ایلون مسک ارجنٹینا کے صدر ہاویئر میلی کی تقاریر کی جوش و خروش کے ساتھ تشہیر کرتے رہے ہیں۔امریکی صدر کے ساتھ مماثلت کی وجہ سے ہاویئر میلی کو ارجنٹینا کا ٹرمپ بھی کہا جاتا ہے۔سال 2023 میں صدر منتخب ہونے سے پہلے ہاویئر میلی حکومت کے سائز کو کم کرنے کی علامت کے طور پر انتخابی ریلیوں میں اپنے ساتھ ایک بڑا آرا لایا کرتا تھا۔