چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ٹاپ آرڈر ناکام، نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے آسان ہدف

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دبئی میں کھیلے جانے والے آخری گروپ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 250 رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چیمپئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔

بھارت بیٹنگ

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا، بھارت کی پہلی وکٹ 15 رنز پر اس وقت گری، جب میٹ ہنری نے شبھمن گل کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

کپتان روہت شرما بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 22 کے مجموعی اسکور پر 15 رنز بنانے کے بعد کیلے جیمیسن کی گیند پر ول ینگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے ویرات کوہلی بھی صرف 11 رنز بنانے کے بعد میٹ ہنری کی گیند پر گلین فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اکشر پٹیل اور شریاس ائیر نے بھارتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا تاہم اکشر پٹیل 42 رنز بنانے کے بعد 128 کے مجموعی اسکور پر رچن روندرا کی گیند پر کین ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تاہم، شریاس ایئر نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور وہ 79 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، کے ایل راہل 23 اور ہاردک پانڈیا 45 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ رویندرا جڈیجا 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کائل جیمیسن، ول اورورکے، مچل سینٹنر مائیکل بریس ویل اور رچن ریندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی اسکواڈ

بھارتی ٹیم کپتان روہت شرما کی قیادت میں میدان میں اترے گی، کھلاڑیوں میں شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، اکشر پٹیل، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا، محمد شامی، کلدیپ یادیو، رویندرا جڈیجا اور ورون چکروردھی شامل ہیں۔

کیوی اسکواڈ

نیوزی لینڈ کی کپتانی مچل سینٹنر کر رہے ہیں، ٹیم میں راچن رویندرا، ول یونگ، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، مائیکل بریس ویل، ٹام لیتھم، گلین فلپس میٹ ہینری، کائل جیمیسن، ول او رورکے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیمپیئنز ٹرافی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ ’بی‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی تھی۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم رواں ایونٹ میں سب سے کم 179 رنز پر آل آؤٹ ہوئی اور پروٹیز کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا تھا، جو اس نے 30ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقہ سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر چکا ہے۔

پروٹیز کی جانب سے 39 رنز کے عوض 3 وکٹیں اور 3 کیچز تھامنے والے مارکو جانسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

پروٹیز بیٹر راسی وین ڈیر ڈوسن نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں سے سجی 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ ہینرک کلاسن 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، اس کے علاوہ ریان رکیلٹن نے 27 اور ڈیوڈ ملر نے 7 رنز بنائے تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.