آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دے دیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں یہ مقابلہ ہورہا ہے جہاں نیوزی لینڈ کے کپتان مچیل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کیوی ٹیم کو پہلا نقصان وِل ینگ کی صورت میں 57 رنز پر اٹھانا پڑا جنہیں وروُن چکرورتھی نے پویلین لوٹایا، جب کہ 69 رنز پر اوپنر رچن رویندرا اسپنر کلدیپ یادیو کا شکار بنے جب کہ ٹیم کے مجموعی 75 اسکور پر کلدیپ یادیو نے کین ولیمسن کو آؤٹ کیا۔
کیوی ٹیم کو چوتھا نقصان ٹام لیتھم کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں رویندرا جڈیجا نے پویلین لوٹایا، بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 165 رنز پر گری جب گلین فلپس 34 رنزپر ورون چکراورتھی کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔
بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 211 رنز پر گری جب ڈیرل مچل 63 رنز کی اننگ کھیل کر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 239 رنز پر گری اور کپتان مچل سینٹنر 8 رنزبناکر رن آؤٹ ہوئے۔
مقررہ 50 اوورز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے۔
ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے بتایا کہ بولر میٹ ہینری انجری کے باعث فائنل نہیں کھیل رہے، انہوں نے کہا کہ بدقستمی سے میٹ ہینری آج کےمیچ میں نہیں ہیں،ان کی جگہ نیتھن اسمتھ آئےہیں۔
مچیل سینٹنر کا کہنا تھا کہ توقعات کے مطابق بھارتی شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے،پچ ویسی ہی ہےجیسےبھارت کےخلاف پچھلےمیچ کی تھی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے،دوسری بیٹنگ سے فرق نہیں پڑتا، یہاں ہم پہلے بیٹنگ اور بولنگ کرچکے ہیں، ڈریسنگ روم میں یہی بات کی تھی،ٹاس کی فکر نہ کریں اور صرف اچھا کھیلنا ہے۔
روہت شرما نے کہا کہ نیوزی لینڈ گزشتہ کئی سالوں سے بہت اچھی ٹیم رہی ہے جو آئی سی سی ٹورنامنٹس میں اچھی کرکٹ کھیلتی ہے، ہمارے لیے چیلنج نیوزی لینڈ کےخلاف اچھا کھیلنا ہے،ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
واضح رہے کہ آج بھارت اور نیوزی لینڈ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں 25 سال بعد مدمقابل ہیں، 25 سال قبل نیروبی میں کھیلےگئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو کرس کینز کی شاندار سنچری کی بدولت 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
خیال رہے کہ بھارت پانچویں جب کہ نیوزی لینڈ تیسری مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیل رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں دو بار چیمپئنز ٹرافی میں آمنے سامنے آئی ہیں اور دونوں نے ہی ایک ایک میچ جیتا ہے۔
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ:
کپتان مچل سینٹنر، ول ینگ، راچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، کائل جیمیسن، نیتھن اسمتھ اور ول او رویک
بھارت کا اسکواڈ:
کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، اکشر پٹیل، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، کلدیپ یادیو، محمد شامی اور ورون چکرورتی