پاکستان شوبز کے معروف اداکار اور میزبان دانش تیمور نے 4 شادیوں کی اجازت سے متعلق اپنے بیان پر وضاحت پیش کردی۔
رمضان ٹرانسمیشن کے دوران، دانش تیمور کی اہلیہ عائزہ خان کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جہاں ایک موقع پر دانش نے چار شادیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اسلام نے انہیں چار شادیوں کی اجازت دی ہے لیکن اگر وہ ایسا نہیں کر رہے تو یہ ان کی اہلیہ عائزہ سے محبت اور احترام ہے۔
دانش کا کہنا تھا کہ ’آج میں یہ بات عائزہ کے ساتھ اور سب کے سامنے کہہ رہا ہوں مجھے اللہ نے چار شادیوں کی اجازت دی ہے اور یہ میرا حق ہے جو مجھ سے کوئی چھین نہیں سکتا لیکن میں ایسا کر نہیں رہا یہ میری عائزہ کیلئے محبت اور احترام ہے کہ فی الحال میں ان کے ساتھ ہوں‘۔
فی الحال عائزہ کے ساتھ ہوں یہ کہنے پر دانش تیمور کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس پر وضاحت پیش کرتے ہوئے انہوں نے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے ایسا اس لئے کہا کیوںکہ موت زندگی کا کچھ معلوم نہیں کیا معلوم اگلے لمحے وہ رہیں نہ رہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نئی ویڈیو میں دانش کہہ رہے ہیں کہ ’میں آپ سے کہوں گا کہ سب لوگوں کو یہ لفظ فی الحال استعمال کرنا چاہیے، میں آج بھی اپنے بیان پر قائم ہوں کہ مجھے 4 شادیوں کی اجازت ہے میں کر نہیں رہا کیونکہ مجھے عائزہ سے پیار ہے اور فی الحال میں اس کے ساتھ ہوں، اس کی وجہ یہ ہے کہ مجھے نہیں پتہ ایک سیکنڈ کے بعد میں زندہ رہوں یا نہیں۔‘
اداکار نے کہا کہ ’یہ جو لفظ ہے کہ میں ہمیشہ ہوں، ہمیشہ کوئی نہیں رہتا کسی کے ساتھ‘۔