برطانیہ کا ہیتھرو ایئرپورٹ جمعے کی صبح ایک سب سٹیشن میں ہونے والی آتشزدگی کے باعث 24 گھنٹے کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ آگ لندن کے مغرب میں واقع ایئرپورٹ کو بجلی فراہم کرنے والے سٹیشن میں لگی تھی۔ہیتھرو ایئرپورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آگ کی وجہ سے ایئرپورٹ کو بڑے پیمانے پر ’بجلی کی بندش‘ کا سامنا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہمارے مسافروں اور ساتھیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہیتھرو ایئرپورٹ 21 مارچ کو بند رہے گا۔‘مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ’وہ ایئرپورٹ نہ آئیں اور مزید معلومات کے لیے اپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں۔ ہم اس تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔‘لندن فائر بریگیڈ نے کہا ہے کہ ہیز کے سب سٹیشن میں، جو لندن کے ہِلنگڈن کے قریب واقع ہے، بڑے پیمانے پر آگ لگی ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیوز میں ہیتھرو ایئرپورٹ میں بند دکانوں اور سنسان راہداریوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔لندن فائر بریگیڈ کے اسسٹنٹ کمشنر پیٹ گولبورن نے کہا ہے کہ ’آگ کی وجہ سے بجلی کی بندش ہوئی ہے جس سے بہت سے گھر اور مقامی کاروبار متاثر ہوئے ہیں۔ ہم اداروں کے ساتھ مل کر خلل کو کم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ ایک بڑا واقعہ ہے اور ہمارے فائر فائٹرز مشکل صورتحال میں کام کر رہے ہیں تاکہ آگ پر جلد قابو پایا جا سکے۔‘
برطانوی یوٹیلٹی کمپنی سکاٹش اینڈ سدرن الیکٹرک نیٹ ورکس نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ ’ایک غیرمتوقع بجلی کی بندش کی وجہ سے علاقے میں 16 ہزار سے زیادہ گھروں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔‘
ہیتھرو ایئرپورٹ سے سالانہ 80 ملین مسافر سفر کرتے ہیں۔ ایئرپورٹ آپریٹر کے مطابق روزانہ تقریباً 1300 پروازیں اڑان بھرتی اور لینڈ کرتی ہیں۔ویب سائٹ فلائٹ ریڈار نے کئی پروازوں کی منتقلی رپورٹ کی ہے۔ آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے قنطاس کی پرواز کو پیرس بھیجا گیا جبکہ نیویارک سے آنے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو آئرلینڈ کے شہر شینن میں لینڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔