85 واں یوم پاکستان آج ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے صبح کا آغاز ہوا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
اسلام آباد میں ایوان صدر میں یوم پاکستان کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدر مملکت آصف زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں غیرملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی پریڈ ہوئی، تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے پریڈ کا حصہ تھے، آرمی، نیوی اور فضائیہ کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، قومی پرچم کو سلامی دی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر کی آمد پر چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، صدر مملکت آصف زرداری روایتی بگھی میں تقریب میں پہنچے ، بگل بجا کر اعلان کیا گیا، صدر مملکت نے استقبالیہ کمیٹی کے ارکان سے مصافحہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلح افواج کے سربراہان اسٹیج پر موجود رہے۔
یوم پاکستان کی پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرکے دشمن پر لرزہ طاری کر دیا، پاک فضائیہ کی شیر دل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا، جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، جے 10 سی، میراج طیاروں کے ذریعے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کی تقریب کے شرکا کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتے ہیں، لاکھوں قربانیوں کی بدولت پاکستان کاخواب حقیقت میں بدلا، شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، پاکستان کا مقصد مضبوط اور جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے، فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے، نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
صدر نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولے، ان شا اللہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے، جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو، شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتاہوں، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر ایک اہم چیلنج ہے، ہم باحوصلہ قوم ہیں، چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مادر وطن کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، دہشتگردی کو جر سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
ملک کو ترقی کی بلندیوں تک لیکر جانا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ ابھرتی قوم سے جوہری طاقت تک کا سفر استقامت اور مضبوط عزم سے طے ہوا، ہمارا سفر ختم نہیں ہوا، ملک کو مزید ترقی کی بلندیوں پر لے کر جانا ہے، وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔
عسکری قیادت کی قوم کو مبارک باد
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارک باد پیش کی ہے, آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 23 مارچ 1940 تاریخ کا وہ لمحہ ہے, جس نے پاکستان کے قیام کی راہ ہموار کی، اللہ کے فضل سے قوم جمہوریت اور اسلام کے اصولوں کے تحت ترقی منازل طے کررہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنے جمہوری اداروں اور شہریوں کی فلاح و بہود کےلئے پرعزم ہے۔
گورنر، وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری
گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے ساتھ یوم پاکستان پر مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔
دونوں رہنماؤں نے ملکی ترقی، سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دعائیں کیں، بعدا زاں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کی بات آئے تو ہمیں سیاست کو پس پشت ڈال دینا چاہیے، کوئی بھی جماعت ہو، جب پاکستان کی بات آئے، دہشت گردی کے خاتمے کا معاملہ درپیش ہو، تو ایسے وقت میں سیاسی مفادات اور سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی خاطر فیصلہ سازی میں شریک ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج 85 ویں یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی، ہماری دعا ہے کہ پاکستان اپنے بانی قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ترقی کرے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے، جس نے قرارداد پاکستان منظور کی، ہمیں اسلام کے نام پر پاکستان جیسا عظیم ملک ملا، لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ آزادی کے 78 سال مکمل ہونے کے باوجود ہم آپس میں اتفاق کے لیے ہی بات کر رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی بھی ملک کے لیے سب کا اتفاق تو ویسے ہی فطری بات ہے، وہ کون سے لوگ ہیں، جو کئی سال گزرنے کے باوجود بھی ہمیں ایسی ہی باتیں کرنے پر مجبور کرتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ 1977 سے لیکر 1985 تک ایک آمر نے اس ملک پر جو آمرانہ حکمرانی کی، وہ تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا، اس عرصے کے بعد پاکستان ترقی کے بجائے تنزلی کی جانب جاتا چلا گیا، اسی دور کے اثرات ہم آج بھی دہشتگردی کی صورت مین دیکھ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا بانیان پاکستان کو خراج عقیدت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں بانیان پاکستان کی جدوجہد اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہمیں قیام پاکستان کے سنہری اغراض و مقاصد کی یاد دہانی کراتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ہمیں قیام پاکستان کے سنہری اغراض و مقاصد کی یاد دہانی کراتا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان قائم ہوا اور تا قیامت شاد وآباد رہے گا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا منفرد اعزاز بھی عطا کیا، یوم پاکستان پر پاک سر زمین کے تقدس اور حفاظت کے تقاضوں کے عہد کا اعادہ کیا جانا چاہیے۔
مریم نواز نے کہاکہ یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں کو بھی دہرانا اوریاد رکھنا چاہیے، پاکستان ہم سب کے لیے اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمت غیرمترقبہ ہے، یوم پاکستان پر غربت میں کمی، عدم مساوات اور معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں، یوم پاکستان ہمیں حصول پاکستان کی بھرپور جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج عہد کریں کہ یوم پا کستان پر وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
پاکستان قربانی اور جدوجہد کا ثمر ہے، سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے یوم پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج یوم پاکستان ہے، اور 23 مارچ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان قربانی اور جدوجہد کا ثمر ہے، آج عہد کرتے ہیں کہ وطن کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہرممکن کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ، امن و امان ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی
یوم پاکستان پر مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پرگارڈز تبدیلی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، سول اور عسکری حکام بھی تقریب کا حصہ بنے۔
حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے مزار پر ہونے والی پروقار تقریب میں پاک فضائیہ نے گارڈز کے فرائض سنبھالے، مزار کے احاطے میں موجود ایئر فورس اور رینجرز کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔
مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی کی اورمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
شرکا نے قراردیا کہ شاعرمشرق کے پیغام پرعمل کرکے وطن عزیزکو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے دن رات ایک کرنا ہوگا۔