دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، صدر زرداری کا یومِ پاکستان کے موقع پر خطاب

image
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف متحد ہونے کے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر زرداری اتوار کی صبح اسلام آباد کے ایوانِ صدر میں منعقدہ یومِ پاکستان کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

یوم پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

اس دن کی مناسبت سے مرکزی پریڈ ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر آصف علی زرداری تھے، جبکہ مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا اور غیر ملکی سفیروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر زرداری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’مادرِ وطن کے تحفظ اور آزادی کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اندرونی اور بیرونی خطرات، فتنہ الخوارج اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔‘

صدر زرداری نے اپنے خطاب میں سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک طاقتور، خوشحال اور مزید ترقی یافتہ پاکستان کے لیے ہاتھ ملانے پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن و استحکام کے اصولوں پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ باہمی احترام اور خوشحالی پر مبنی مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پر فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا جبکہ فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جاری بیان میں کہا کہ ’درست پالیسیوں، لگن کاوشوں اور قومی یکجہتی سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں، سماجی انصاف کو برقرار رکھ سکتے ہیں اور دنیا کی اقوام میں اپنا جائز مقام حاصل کر سکتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس سال یومِ پاکستان رمضان المبارک میں آیا ہے جو ضبط نفس اور ایمان کی تجدید کا مہینہ ہے۔ یہ وہ وقت ہے جو ہماری اجتماعی قوت ارادی کو تقویت دیتا ہے۔‘

جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین اور مسلح افواج کے سربراہوں نے بھی یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عسکری قیادت نے کہا کہ یہ دن پاکستانی عوام کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور اپنے شہریوں کی فلاح وبہبود کے لیے پرعزم ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.