عالمی سطح پر اسٹریٹجک شراکت داری کے تناظر میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔
عالمی جریدے کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق پاک بھارت جنگ نے نہ صرف خطے کی اسٹریٹجک صورتِ حال کو تبدیل کیا بلکہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت، عسکری توازن اور عالمی ساکھ کو بھی نمایاں طور پر مضبوط کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی افواج کی مؤثر حکمتِ عملی اور دفاعی صلاحیت نے عالمی طاقتوں کو یہ باور کرایا کہ پاکستان خطے میں ایک ذمہ دار اور مضبوط دفاعی قوت کے طور پر ابھرا ہے۔ اسی پس منظر میں امریکا پاکستان کو قومی سلامتی کے مفادات کے حصول کے لیے ایک کلیدی اتحادی کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
عالمی جریدے کے مطابق واشنگٹن میں پالیسی ساز حلقوں کا ماننا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور طاقت کے توازن کے لیے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون ناگزیر ہوچکا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ انسدادِ دہشت گردی، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کے شعبوں میں پاک امریکا تعلقات مزید وسعت اختیار کر سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاک امریکا تعلقات میں یہ نیا باب نہ صرف پاکستان کی خارجہ پالیسی کے لیے اہم ہے بلکہ خطے میں بھارت کی بالادستی کے تاثر کو بھی چیلنج کرتا ہے۔
عالمی جریدے کا کہنا ہے کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات میں پاکستان ایک بار پھر امریکا کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔