بھارت نے دوبارہ جنگ مسلط کی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے، صدر زرداری

image

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے مزید جنگی جہاز گرائے جا سکتے تھے، تاہم پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

گڑھی خدا بخش میں سابق وزیرِاعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کھپے کا نعرہ شہید بے نظیر بھٹو کا نعرہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کو اب اندازہ ہو چکا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ اگر کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اسے معلوم ہونا چاہیے کہ یہاں پیپلز پارٹی اور اس کے جیالے موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایسا آرمی چیف مقرر کیا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو اپنی دفاعی صلاحیت کا احساس دلایا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت خود کو بڑی معیشت کہتا ہے مگر چار دن کی جنگ برداشت نہیں کر سکا، جبکہ پاکستان کے پاس وہ جرات اور حوصلہ ہے جو اس کے صدر، وزیرِاعظم اور فوجی قیادت میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، لیکن اگر کوئی جارحیت کرے گا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ صدر نے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جنگ کی اطلاع پر انہیں بنکر میں جانے کا مشورہ دیا گیا، تاہم انہوں نے کہا کہ ہم میدان میں لڑنے اور قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

صدر آصف زرداری نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک نااہل شخص نے چار سال میں پاکستان کے عالمی تعلقات اور معیشت کو نقصان پہنچایا، تاہم موجودہ قیادت نے آہستہ آہستہ دنیا سے تعلقات بحال کیے ہیں اور اس عمل میں ملکی عسکری قیادت بھی ساتھ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US