لائیو: معمول سے کم بارشیں، پاکستان میں خشک سالی کا خطرہ

image

اہم نکاتمعمول سے کم بارشیں، پاکستان کے تین صوبوں میں خشک سالی کا خطرہ

پاکستانیوں کی بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک

وزارت داخلہ نے خیبر پختونخوا حکومت سے افغان طلبا کا ریکارڈ طلب کر لیا

بلوچ خواتین کی گرفتاری، اختر مینگل نے وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کا اعلان

معمول سے کم بارشیں، پاکستان کے تین صوبوں میں خشک سالی کا خطرہمحکمہ موسمیات نے پاکستان میں معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک سالی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

منگل کو محکمہ موسمیات کے خشک سالی مانیٹرنگ سینٹر کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق ملک میں حالیہ بارشوں کے باعث سے ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ تاہم سندھ، بلوچستان کے جنوبی علاقوں اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال بدستور برقرار ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق یکم ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک پورے پاکستان میں معمول سے کم 40 فیصد بارش ہوئی۔

’سندھ میں 62 فیصد، بلوچستان میں 52 فیصد اور پنجاب میں 38 فیصد کم بارش ہوئی۔ دادو، پائدان، تھرپارکر، ٹھٹہ، کراچی، بدین حیدرآباد، عمر کوٹ، گھوٹکی، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر،خیر پور اور سانگھڑ خشک سالی کی زد میں ہیں۔ اسی طرح گوادر، کیچ، لسبیلہ، پنجگور، آواران اور چاغی بھی خشک سالی سے متاثر ہیں۔

پشاور پولیس نے تین کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان گرفتار کر لیے

پشاور پولیس نے بینک کی کیش لے جانے والی وین کو لوٹنے والے ملزمان کو 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کر لیا۔

پشاور پولیس کی جناب سے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق پشاور کے علاقے ہشتنگری کی حدود میں پیر کو ملزمان نے گلی میں کھڑی بینک آف پنجاب کی کیش والی وین کو اسلحے کے زور پر لوٹا اور تین کروڑ سے زائد رقم چھین کر فرار ہو گئے۔

گرفتار ملزمان میں وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے جس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر تقریباً ایک ماہ سے بینک آف پنجاب کی کیش والی وین لوٹنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

پولیس کی خصوصی تشکیل کردہ ٹیم نے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے تین کروڑ 49 لاکھ 33 ہزار روپے برآمد کر لیے گئے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آج چین میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب منگل کو چین میں چار روزہ بوآؤ فورم برائے ایشیا (بی ایف اے) کی سالانہ کانفرنس 2025 میں شرکت کریں گے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق 25 سے 28 مارچ تک جاری رہنے والے بوآؤ فورم برائے ایشیا میں وزیر خزانہ مختلف اعلٰی سطح کے مباحثوں اور نشستوں میں شریک ہوں گے۔

وہ فورمز اور نشستوں سے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے مندوبین اور وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے، دورہ کے دوران کمرشل اور سرمایہ کار بنکوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں بھی دورے کا حصہ ہیں۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب منتخب بین الاقوامی اور چینی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزارت داخلہ نے خیبر پختونخوا حکومت سے افغان طلبا کا ریکارڈ طلب کر لیا

وفاقی وزارت داخلہ نے خیبر پختونخوا حکومت سے افغان طلبا کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

وزارت داخلہ کے سکیورٹی سیل نے اس حوالے سے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو خط ارسال کر دیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی سیل غیرملکیوں کا ڈیش بورڈ اپ ڈیٹ کر رہا ہے، صوبے میں زیرِتعلیم افغان طلبا کی تفصیلات 27 مارچ تک ارسال کی جائیں۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں اور افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والوں کو 31 مارچ تک رضاکارانہ واپس جانے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پاکستانیوں کی بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں فنانشل سروسز سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بالغ آبادی کی بڑی تعداد کو رسمی مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل نہیں۔ جبکہ خواتین کے لیے بینکنگ سہولتوں تک رسائی مردوں کے مقابلے میں نصف ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی 24 کروڑ 10 لاکھ کی آبادی 60 فیصد بالغ افراد پر مشتمل ہے اور ملک میں نو کروڑ 10 لاکھ انفرادی مالیاتی اداروں کے اکاؤنٹس موجود ہیں۔ بالغ آبادی کی بڑی تعداد کو رسمی مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ مالیاتی اخراج خواتین پر مردوں کے مقابلے میں زیادہ اثرانداز ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بھی ایک بڑی تعداد بینکنگ سہولت سے محروم ہے۔ صرف 21 فیصد افراد کے پاس بینک اکاؤنٹ یا موبائل منی تک رسائی ہے۔ بہت سے لوگ مالی لین دین کے لیے غیر رسمی نیٹ ورکس پر انحصار کرتے ہیں۔

بلوچ خواتین کی گرفتاری پر اختر مینگل کا لانگ مارچ کا اعلان

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

پیر اور منگل کی درمیان شب انہوں نے اپنے ایکس کاؤنٹ سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میں وڈھ سے کوئٹہ تک ایک لانگ مارچ کا اعلان کرتا ہوں، جو ہماری بیٹیوں کی گرفتاری اور ہماری ماؤں بہنوں کی بے حرمتی کے خلاف ہے۔‘

’میں اس مارچ کی قیادت خود کروں گا، اور تمام بلوچ بھائیوں اور بہنوں، نوجوانوں اور بزرگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ اس مارچ میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔‘

اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ’یہ صرف ہماری بیٹیوں کی گرفتاری کا معاملہ نہیں، یہ ہمارے قومی وقار، ہماری غیرت، اور ہمارے وجود کا سوال ہے۔ جب تک ہماری ماہیں، بہنیں اور بیٹیاں محفوظ نہیں، ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.