سیستان میں آٹھ پاکستانیوں کا قتل، ایران کا ’دہشت گردی‘ کے خلاف مشترکہ کوششوں پر زور

image
پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے صوبہ سیستان میں آٹھ پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔

اتوار کو ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اسلامی جمہوریہ ایران کا سفارت خانہ ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں 8 پاکستانی شہریوں کے خلاف غیر انسانی اور بزدلانہ مسلح واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام شکلوں کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کی طرف سے اجتماعی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔‘

ایرانی سفارت خانے نے ’دہشت گردی‘ کو پورے خطے کے لیے ایک مشترکہ خطرہ قرار دیا۔ بیان کے مطابق دہشت گردی اور انتہاپسندی نے حالیہ دہائیوں میں ہزاروں بے گناہ افراد کی جانیں لی ہیں۔‘

سفارت خانے کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ذریعے ’غدار عناصر، بین الاقوامی دہشت گردی کے ساتھ مل کر پورے خطے میں سلامتی اور استحکام کو نشانہ بناتے ہیں۔‘

مقامی میڈیا کے مطابق ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان میں سنیچر کو مبینہ طور پر آٹھ پاکستانی شہریوں کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایران کے صوبہ سیستان کے علاقے مہرستان میں آٹھ پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

سنیچر کی رات کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کا ناسور خطے میں موجود تمام مالک کے لیے تباہ کن ہے۔ خطے میں موجود ممالک کو مل کر دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایرانی حکومت ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے بعد سزا دے اور اس بہیمانہ اقدام کی وجوہات عوام کے سامنے لائے۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.