اختیارات سے تجاوز اور غفلت پر اسلام آباد پولیس کے 15 اہلکار برطرف

image
اسلام آباد پولیس کے 15 اہلکاروں کو اختیارات سے تجاوز اور  جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسلام آباد پولیس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کی نگرانی میں محکمانہ انکوائری کی گئی تھی۔

’پانچ ہیڈ کانسٹیبلز اور سات کانسٹیبلز سمیت 15 اہلکاروں کو فرائض میں غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔‘

اسلام آباد پولیس کے عہدیدار کے مطابق اہلکاروں کو اپنے اختیارات سے تجاوز، عوام کی خدمت میں ناکامی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر سزا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ عوامی خدمت کے اصولوں کو برقرار رکھنے میں ناکام رہتے ہیں، اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہیں یا اپنے فرائض سے غفلت برتتے ہیں، تو ان کے لیے پولیس فورس میں کوئی جگہ نہیں ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ناقص کارکردگی، بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکامی پر سخت محکمانہ سزائیں دی جائیں گی۔

برطرف کیے گئے افسران میں سب انسپکٹر قاسم ضیاء، سب انسپکٹر طلعت محمود اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر ظہیر احمد شامل ہیں۔

ہیڈ کانسٹیبل الماس حیدر، محمد اسحاق، وقاص ادریس، نوید بٹر اور ساجد محمود بھی برطرف ہونے والوں میں شامل ہیں۔

کانسٹیبل محمد ندیم، محمد عمران، ناظم عباس، زاہد خان، احسن فاروق، عمران احمد اور قاضی اظہر کو بھی انکوائری کے بعد ملازمت سے ہٹا دیا گیا ہے۔

 


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts