پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے آج اتوار سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے ہفتہ وار پروازوں کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے جاری بیان میں کہا ہے کہ لاہور سے باکو کے لیے ہفتہ وار پروازوں کا آغاز 20 اپریل سے ہو رہا ہے۔بیان کے مطابق پہلی پرواز آج اتوار کی صبح 174 مسافروں کو لے کر باکو کے لیے روانہ ہو گی۔پی آئی اے نے باکو کے لیے پروازوں کا آغاز ایسے وقت پر کیا ہے جب پاکستان آذربائیجان کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کے لیے کوشاں ہے۔لاہور سے باکو کے لیے پرواز سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، کاروبار اور ثقافتی سطح پر تبادلوں کو فروغ مل سکتا ہے۔پی آئی اے نے بیان میں کہا ہے کہ ’باکو تیزی سے دنیا کے معروف سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہا ہے، جو اپنی خوبصورتی، بہترین پکوان اور بھرپور مذہبی و ثقافتی ورثے کے لیے جانا جاتا ہے۔‘پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں لاہور سے مزید بین الاقوامی پروازیں شروع کی جائیں گی۔نئی فلائٹ سروس کو پاکستان کی وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ فضائی رابطوں کو بہتر کرنے کے لیے جاری کوششوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ کچھ برسوں سے پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔