حکام کے مطابق، ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوئم کا پرس اتوار کی رات واشنگٹن ڈی سی کے ایک ریستوران سے چوری ہو گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی نے ایک میل میں کہا ہے کہ کرسٹی نوئم کے پرس میں اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کے لیے تحائف خریدنے، ایسٹر ڈنر اور دیگر ضروریات کی رقم موجود تھی۔ ہوم لینڈ سکیورٹی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ کیا چوری ہوا ہے، تاہم سی این این جس نے سب سے پہلے اس واقعے کو رپورٹ کیا تھا، کے مطابق، چور نے تین ہزار ڈالر نقد رقم کے ساتھ، چابیاں، ڈرائیونگ لائسنس، پاسپورٹ، چیکس، میک اپ بیگ، دوائیاں اور ہوم لینڈ سکیورٹی کا بیج چوری کیا۔محکمے نے کہا ہے کہ کرسٹی نوئم کے پاس پرس میں اپنے خاندان کے لیے تحائف، ڈنر اور دیگر ضرویات کی ادائیگی کے لیے رقم موجود تھی۔ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کی حفاظت کے لیے امریکی خفیہ سروس کے ایجنٹس تعینات ہوتے ہیں۔سی این این کے مطابق سیکرٹ سروس نے چور کو ڈھونڈنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ہوم سکیورٹی کے ترجمان نے بتایا کہ ان کا پورا خاندان شہر میں تھا، اور ایسٹر کے موقعے پر وہ پرس میں موجود رقم سے اپنے خاندان کی تواضع کرنا چاہتی تھیں۔سکیورٹی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ چور کا کابینہ کے ایک رکن کے اتنا قریب ہونا سکیورٹی میں کوتاہی کی طرف اشارہ ہے۔