محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تیز ہواؤں اور بجلی کی چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک کے شمالی اور وسطی حصوں سے ہوتا ہوا اب جنوب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس کے اثر سے پیر کو کراچی کے کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ البتہ آج کراچی کا موسم گرم اور حبس والا رہے گا، لیکن کبھی کبھار تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں، مگر زیادہ نمی کی وجہ سے گرمی زیادہ محسوس ہوگی۔
آج شہر کا درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اس وقت جنوب مغرب سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔اپریل میں گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ اس مہینے درجہ حرارت معمول سے 4.66 ڈگری زیادہ رہا، جبکہ ملک بھر میں اوسط درجہ حرارت 3.37 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوا۔ رات کے وقت بھی درجہ حرارت معمول سے 2.57 ڈگری زیادہ رہا۔آج (ہفتہ) سندھ کے عمر کوٹ اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ جامشورو، بدین، ٹھٹھہ، قمبر شہداد کوٹ، حیدرآباد، میرپور خاص، سانگھڑ اور شہید بے نظیر آباد میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔