بھارت پر پاگل پن سوار ہے تو ہم جھکنے والے نہیں، بلاول بھٹو

image

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے میں کوئی ہاتھ نہیں مگر پھر بھی اگر بھارت پاگل پن کامظاہرہ کرنے پر تلا ہے تو جان لے ہم جھکنے والے نہیں ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا پہلگام کے واقعے میں کوئی ہاتھ نہیں، سیاحوں کا قتل ایک سانحہ ہے مگر بھارت نے پاکستان پر الزام لگا دیا۔ انہوں نے کہا پاکستان دہشتگردی کا متاثرہ ملک ہے اور غیر ملکی معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کا متاثر رہا ہے، بھارت اور دنیا سے کہتا ہوں کہ دہشتگردی کو صرف ٹینکوں سے نہیں بلکہ انصاف سے ختم کیا جاسکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا بھارت کو ابھی تک کلبھوشن کے بارے میں جوابدہ ہونا ہے، پاکستان نے بھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا ثبوت دیا ہے، بھارت کینیڈا اور دیگر ممالک میں بھی دہشتگردی میں ملوث ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، کشمیر میں گولی نہیں استصواب رائے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح سے تیار ہیں، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہم متاثرہ ہیں، ہم بدلہ نہیں انصاف چاہتے ہیں، بھارت پاگل پن کامظاہرہ کرنے پر تلا ہے تو انہیں جان لینے دیں کہ ہم جھکنے والے نہیں ہیں، پاکستان کی سالمیت اور وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا بھارت کو اپنی خارجہ پالیسی میں سے دہشت گرد حربوں کو نکالنا ہوگا، جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، مذاکرات اور مکالمہ ہی تنازعات کے حل کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کے خلاف جرم ہے، پاکستان دریائےسندھ کی حفاظت کرے گا، آپ دریا کا رخ موڑسکتے ہیں مگر انہیں خشک نہیں کرسکتے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.