پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کو غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
جمعے کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان سپر لیگ کے بقایا آٹھ میچز ملتوی کر دیے گئے ہیں اور پی ایس ایل کو موجودہ حالات کے تناظر میں ملتوی کیا گیا ہے۔‘
پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول پر صورتحال مزید خراب ہوئی ہے، 78 ڈرونز کی دراندازی اور انڈیا کی جانب سے سطح بہ سطح میزائل فائر کیے جانے کے واقعات پیش آئے ہیں۔‘
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ وزیراعظم پاکستان کے مشورے پر کیا گیا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق ’یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے پر کیا گیا ہے، جنہوں نے انڈیا کی جانب سے بے جا جارحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا، انڈین جارحیت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ قومی توجہ اور جذبات ہماری مسلح افواج کی دلیرانہ کاوشوں کی جانب مرکوز ہیں جو پاکستان کی خودمختاری کا بھرپور دفاع کر رہی ہیں۔‘
Tournament Update
Remaining Matches of the #HBLPSLX Postponed!
Read more: https://t.co/M0Ew1ravfv#ApnaXHai
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) May 9, 2025
بیان کے مطابق ’پی سی بی اور اس کے کھلاڑی شہدا کے خاندانوں اور ملک کا دفاع کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔‘
’پی سی بی اپنے شراکت داروں، فرنچائزز، کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، سپانسرز اور منتظمین کی کاوشوں اور سپورٹ کو تسلیم کرتا ہے جنہوں نے اب تک ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا، تاہم کرکٹ جو کہ ایک یکجہتی کی قوت اور خوشی کا ذریعہ ہے، اسے ایسے نازک وقت میں جب ملک کو ایک بے رحم چیلنج کا سامنا ہے، کچھ وقت کا وفقہ لینا چاہیے۔‘
پی سی بی کا پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ہم پی سی بی میں شریک کھلاڑیوں کی ذہنی صحت، غیرملکی کھلاڑیوں کے جذبات اور ان کے خاندانوں کی تشویش کا احترام کرتے ہیں جو اپنے پیاروں کو واپس گھر دیکھنا چاہتے ہیں۔‘