لبیک اللہم لبیک کی گونج ، حج کے روحانی سفر کا آغاز، لاکھوں عازمین حج منیٰ کی طرف روانہ

image

لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کی  صداؤں کے ساتھ مناسکِ حج کا آغاز، لاکھوں عازمین منیٰ روانہ،دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج مکہ سے منیٰ کی جانب روانہ ہو گئے۔ منیٰ میں عازمین ظہر سے قبل پہنچیں گے اور جمعرات کی صبح تک وہیں قیام کریں گے، جہاں وہ عبادات میں مشغول رہیں گے۔

منیٰ میں قیام کے دوران حجاج کرام ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے،حج کے سب سے اہم رکن وقوف عرفہ کے لیے نو ذوالحجہ کو تمام عازمین منیٰ سے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے۔

میدانِ عرفات میں وہ حج کا عظیم خطبہ سنیں گے اور اس کے بعد ظہر و عصر کی نمازیں ادا کریں گے۔

عازمین سورج غروب ہونے تک عرفات کے میدان میں قیام کریں گے، جس کے بعد مزدلفہ روانہ ہوں گے۔ مزدلفہ میں مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر ادا کی جائیں گی۔

کھلے آسمان تلے رات گزارنے کے دوران حجاج رمی کے لیے کنکریاں بھی جمع کریں گے۔

دس ذوالحجہ کو حجاج کرام مزدلفہ سے جمرات کے لیے روانہ ہوں گے جہاں بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے۔

حلق یا قصر کروا کر احرام کھول دیں گے اور اس کے بعد طوافِ زیارت ادا کریں گے۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے رواں سال بھی حج کے انتظامات انتہائی منظم انداز میں مکمل کر لیے گئے ہیں۔

اس سال حج کا خطبہ اردو، انگریزی اور دیگر زبانوں سمیت دنیا کی 35 مختلف زبانوں میں براہ راست ترجمے کے ساتھ نشر کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر کے مسلمان اس عظیم پیغام کو اپنی زبان میں سمجھ سکیں۔

یہ مناسکِ حج کا وہ روحانی سفر ہے جس میں اتحاد، اطاعت اور قربانی کا عملی مظاہرہ پوری دنیا کے سامنے آتا ہے، اور امت مسلمہ ایک بار پھر ایمان، عبادت اور اخوت کا عملی پیغام دیتی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.