سندھ ہائی کورٹ نے گورنر سندھ کے دفتر کو تالہ لگانے کے خلاف دائر درخواست فوری سماعت کے لیے منظور کرلی۔
عدالت نے حکم دیا کہ قا ئم مقام گورنر کو فوری گورنر ہاؤس سندھ میں داخلے کی اجازت دی جائے اور رہائشی کمروں کے علاوہ دیگر دفاتر تک رسائی بھی فراہم کی جائے ،عدالت نے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے قائم مقام گورنر کے امور میں رکاوٹ ڈالنے پر سرزنش کرتے ہوئے 23 جون کے لیے پرنسپل سیکریٹری سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ عدالت نے حکم نامے کی کاپی صدر پاکستان اور پرنسپل سیکریٹری گورنر ہاؤس سندھ کو ارسال کرنے کا حکم دیدیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2جون سے کامران ٹیسوری بیرون ملک ہیں، قائم مقام گورنر سندھ نے جب سے چارج لیا ہے انہیں گورنر ہاؤس میں رسائی نہیں دی جارہی، واضح رہے کہ قائم مقام گورنر سندھ کو گورنر ہاؤس میں دفتری امور سے روکنا آئین کے آرٹیکل 104 کی خلاف ورزی ہے۔