آن لائن مالیاتی فراڈ، سری لنکا سے 85 چینی شہری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ڈی پورٹ

image
سری لنکا نے 85 چینی شہریوں کو کئی ماہ حراست میں رکھنے کے بعد ڈی پورٹ کر دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعے کو سری لنکن حکام نے بتایا کہ یہ چینی شہری بینکوں سے رقوم ہتھیانے کے لیے سائبر کارروائیوں میں ملوث تھے۔

مشتبہ چینی شہریوں پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے سیاحتی ویزے کی شرائط کی خلاف ورزی کی۔ سری لنکن حکام نے ڈی پورٹ کرتے ہوئے ہر ایک کو 250 ڈالر جرمانہ کیا۔

ایک سینیئر سری لنکن عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’چینی شہریوں کو آن لائن فراڈ کے لیے بین الاقوامی بینکوں کو نشانہ بنانے کے الزام میں گذشتہ برس اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔‘

انہوں نے بتایا کہ اس گروپ میں 13 خواتین بھی شامل تھیں۔

چینی شہریوں کو سری لنکن ایئر لائنز کی ایک چارٹرڈ فلائٹ سے جمعے کی صبح روانہ کیا گیا۔ اُن کے جنوبی چین کے شہر گوانزو لے جانے والے طیارے میں سری لنکن پولیس اور چین سکیورٹی سٹاف بھی تھا۔

دریں اثنا سری لنکا کی پولیس نے کہا ہے کہ وسطی ضلع کینڈی کی ایک عدالت نے گروپ سے ضبط کیے گئے الیکٹرانک آلات کو چینی حکام کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

ملک بدر کیے جانے والے افراد اُن 230 چینی مردوں اور عورتوں میں شامل تھے جنہیں اکتوبر میں سائبر کرائم کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

دیگر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

چین کے شہریوں پر سری لنکا میں سائبر کرائم کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ فائل فوٹو: فری پکس

سری لنکا میں چینی سفارت خانے نے اُس وقت کہا تھا کہ بیجنگ حکومت کے اندرون ملک سائبر کرائم کرنے والے پیشہ ور افراد کے خلاف کریک ڈاؤن نے کچھ لوگوں کو بیرون ملک جانے پر مجبور کیا ہے۔

گزشتہ سال سری لنکن پولیس نے دیگر 200 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا تھا جن میں زیادہ تر انڈین شہری تھے۔

اُن پر بھی آن لائن مالیاتی فراڈ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US