"مجھے اپنے والد کو معاف کرنے میں تیس سال لگے... میں پہلے لوگوں کو آسانی سے معاف نہیں کر پاتی تھی۔"
یہ جذباتی اعتراف اس باہمت فنکارہ کا ہے جس نے نہ صرف اداکاری بلکہ سائنس اور زندگی کے کئی میدانوں میں خود کو منوایا, جیا علی۔
اداکارہ، ماڈل، اور مصنوعی ذہانت کی ماہر جیا علی نے حال ہی میں توثیق حیدر کے پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے اپنے زندگی کے سب سے کٹھن اور خاموش زخموں کو پہلی بار بے جھجک بیان کیا۔ 53 برس کی عمر میں، جہاں اکثر لوگ ماضی سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں، جیا علی نے اپنی زندگی کا سب سے حساس باب کھولا.. والد سے تعلق۔
90 کی دہائی میں فلم دیوانے تیرے پیار کے سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والی جیا علی صرف سکرین کی اداکارہ نہیں بلکہ وہ ایک بےباک سچائی کی علمبردار بھی ہیں۔ پرچھائیں، ہم ٹھہرے گناہگار، پکار جیسے معروف ڈراموں میں اداکاری کے بعد انہوں نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مہارت حاصل کی، اور وہاں بھی اپنی پہچان قائم کی۔ لیکن ان سب کامیابیوں کے پیچھے ایک ایسی کہانی چھپی تھی جو صرف کیمرے سے اوجھل تھی۔
پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی نے بتایا کہ ان کا اپنے والد سے رشتہ ہمیشہ ایک بھاری سایے کی مانند رہا، جس میں تلخی، تشدد اور جدائی کی گونج تھی۔ ان کے بقول والدین کا رشتہ ایک زخم تھا جو طلاق کے بعد بھی مندمل نہ ہو سکا۔ والدہ ہمیشہ بیٹی کو باپ سے ملنے کا مشورہ دیتی رہیں، لیکن جیا کے دل میں وہ خلا کچھ اس قدر گہرا تھا کہ معافی دینے میں تین دہائیاں لگ گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ وقت نے انہیں سکھایا کہ قدرت سے جڑنا، سادگی کو اپنانا، اور دل سے بوجھ ہٹانا ہی اصل سکون ہے۔ اب وہ کیمیکل مصنوعات سے دور ہیں، کھانا مٹی کے برتن میں بناتی ہیں، لکڑی کے چمچ استعمال کرتی ہیں، اور اپنی توانائی کو فطرت کے قریب رکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ سکون انہیں وراثت میں اپنی والدہ سے ملا، جن کی فطرت پسندی ہمیشہ ان کے رویے کا حصہ رہی۔
اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ پہلے بہت جلد غصہ کرتی تھیں، صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیتی تھیں، اور معاف کرنا ان کے لیے ایک پہاڑ جیسا عمل تھا۔ لیکن اب، برسوں بعد، وہ جذباتی طور پر توازن پا چکی ہیں۔
جہاں تک جیا علی کی ازدواجی زندگی کی بات ہے، تو انہوں نے دیر سے مگر مکمل سوچ سمجھ کر 2021 میں بزنس مین عمران سے شادی کی۔ یہ لو میرج تھی، جسے وہ اپنے لیے اور بھائیوں کی خواہش پر لے کر آئی تھیں۔ آج وہ نہ صرف ایک مطمئن ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں بلکہ ماضی کے بوجھ کو بھی پیچھے چھوڑ چکی ہیں۔