اگر آپ گوگل کروم ویب براؤزر استعمال کرتے ہیں تو فوری طور پر اسے اپ ڈیٹ کرلیں۔
گوگل کی جانب سے دنیا کے مقبول ترین ویب براؤزر میں موجود ایک بڑی سیکیورٹی خامی دور کرنے کے لیے اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے 50 سے 60 فیصد افراد براؤزنگ کے لیے گوگل کروم کو ترجیح دیتے ہیں، تو اس میں موجود سیکیورٹی کمزوری بہت بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ ایک ماہ کے دوران دوسری بار ہے جب گوگل کی جانب سے کروم کے حوالے سے ایمرجنسی سکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے۔
گوگل نے بتایا کہ کروم V8 انجن میں موجود مسئلے کو فکس کیا جار ہا ہے اور اس کی جانب سے CVE-2025-5554 نامی سکیورٹی بگ کو ٹریک کیا جا رہا ہے۔
اس سکیورٹی بگ سے ہیکرز حساس ڈیٹا چوری کرسکتے ہیں، میل وئیر اور ransomware ڈیوائس میں انسٹال کرسکتے ہیں۔
کروم V8 گوگل کا اوپن سورس ہائی پرفارمنس جاوا اسکرپٹ اور ویب اسمبلی انجن ہے جسے کروم میں ویب کوڈ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اس سیکیورٹی بگ کو 10 میں سے 8.1 اسکور دیا گیا ہے یعنی یہ صارفین کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
مگر کمپنی نے اس بارے میں اضافی تفصیلات جاری نہیں کیں، بس گوگل نے تسلیم کیا کہ ہیکرز نے اس خامی کو استعمال کرکے مختلف صارفین کو نشانہ بنایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ براؤزر کو فوری اپ ڈیٹ کرلینا چاہیے۔
مجموعی طور پر رواں سال کے دوران چوتھی بار گوگل کی جانب سے کروم میں صارفین کے لیے خطرہ بننے والی خامیوں کی روک تھام کے لیے اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے۔
کروم براؤزر کو اپ ڈیٹ کیسے کریں؟
عموماً گوگل کروم خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہوجاتا ہے۔
اگر آپ کو معلوم نہیں کہ براؤزر اپ ڈیٹ ہوچکا ہے یا نہیں تو تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرکے سیٹنگز میں جائیں۔
وہاں اباؤٹ کروم پر کلک کریں جو پیج کے بائیں جانب سب سے نیچے ہوگا۔
اس کے بعد کروم کی جانب سے بتایا جائے گا کہ براؤزر اپ ٹو ڈیٹ ہے، اگر نہیں ہوگا تو وہ اپ ڈیٹ ہونا شروع جائے گا۔
اس کے بعد بس ری لانچ کریں گے تو کروم اپ ڈیٹ ہوجائے گا۔