فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق کمپنی کو اس عرصے میں 25 ارب 20 کروڑ روپے کا منافع ہوا ہے جو کمپنی کا کسی بھی سہ ماہی میں سب سے زیادہ منافع ہے۔
کمپنی کا یہ منافع گزشتہ سال کے مقابلے میں 62 فیصد اور پچھلے سہ ماہی کے مقابلے میں 90 فی صد زیادہ ہے۔
اسٹاک سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے منگل کو اعلان کردہ نتائج شیئرز ہولڈرز اور پوری انڈسٹری کی توقعات سے زیادہ ہے۔
فوجی فرٹیلائزر کے مالیاتی نتائج کے مطابق کمپنی کو مصنوعات کی فروخت سے 30ارب 95 کروڑ روپے کا منافع ہوا۔ یہ منافع کھاد کی فروخت بڑھنے اور کھاد کی بلند قیمتوں کے نتیجے میں حاصل ہوا جبکہ انرجی کے کاروبار اور انٹرسٹ سمیت دیگر آمدن سے 20 ارب 71 کروڑ روپے کا منافع ہوا جبکہ اس دوران اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کمپنی نے 13 ارب روپے کا ٹیکس بھی جمع کرایا جس کے بعد کمپنی کو حاصل منافع 25 ارب 17 کروڑ روپے تک پہنچا جو اس سے پچھلے سہ ماہی میں 15 ارب 54 کروڑ روپے تھا۔
فوجی فرٹیلائزر نے شیئرز ہولڈرز کو 12 روپے فی شیئر کیش ڈیوڈنڈ کا اعلان کیا ہے جو رواں سال کے پہلے ششماہی جنوری تا جون کے دوران اب تک شیئر ہولڈرز کو دیئے جانے والے ڈیوڈنڈ 19 روپے فی شیئر تک پہنچ گیا ہے۔