خاتون کو قتل کرکے خاموشی سے دفنانے کی کوشش ناکام، گرفتار دیور نے کیا اعتراف کیا؟

image

ملیر کینٹ میں خاتون کو قتل کرکے سسرالیوں کی جانب سے دفنانے کی کوشش ناکام، مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے دیور کو گرفتار کرلیا گیا۔

محمد اسحاق نے مقدمہ 351/2025 درج کراتے ہوئے پولیس کو بیان دیا کہ اس کی بہن 32 سالہ سعدیہ اپنے 5 بچوں سمیت 24 اگست کو تقریب میں شرکت کے لیے اپنے والدین کے گھر آئی تھی جو 25 اگست کو اپنی ساس کے ہمراہ واپس چلی گئی تھی۔

مقدمہ مدعی کے بیان کے مطابق اسے بڑے بھائی محمد یونس نے 25 اگست کو فون کرکے اطلاع دی کہ سعدیہ نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی ہے۔ اسحاق کے مطابق جب وہ بہن کے گھر گیا تو چارپائی پر بہن کی لاش پڑی تھی جس کی ناک اور ماتھے پر زخم کے نشانات تھے جبکہ اس کے سسرالی اس کی تدفین کی تیاریوں میں مصروف تھے۔

اسحاق نے 15 پر اطلاع دے کر خاموشی سے تدفین کی کوشش ناکام بنادی۔ مقتولہ کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کردی گئی۔

پولیس نےمقتولہ کے بھائی اسحاق کی مدعیت میں درج مقدمہ میں سعدیہ کے دیور اسحاق، ساس اللہ رکھی،دیورانی کوثر، رشید اور اسے چھوٹے بھائی عادل کو نامزد کیا ہے جبکہ دیور اسحاق کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم دیور اسحاق نے ابتدائی تفتیش میں سعدیہ کو گلا دبا کر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US