پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سات ارب ڈالر کے موجودہ قرضہ پروگرام کے تحت دوسرے اقتصادی جائزہ مذاکرات چوبیس ستمبر سے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں ملکی معیشت کی موجودہ کارکردگی، مالیاتی نظام اور آئندہ کی جانے والی اصلاحاتی پالیسیوں پر غور کیا جائے گا۔ وزارتِ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد آئی ایم ایف کو محصولات کے اہداف، بجٹ خسارے پر قابو پانے کے اقدامات، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے آگاہ کرے گا۔
اجلاسوں میں ٹیکس وصولی بڑھانے، گردشی قرضے کے حل اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر جائزہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو پاکستان کو مزید قسط کی فراہمی کا امکان ہے جس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔
یاد رہے کہ پہلے اقتصادی جائزہ مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد آئی ایم ایف نے پاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کی تھی۔