صوبہ پنجاب میں حکومت کی ناقص پالیسیوں اور فلور ملز مالکان کی من مانیوں کے باعث آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، جس کے بعد غریب عوام روٹی کے نوالے کو بھی ترسنے لگے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کمزور حکومتی اقدامات کے باعث بھوک و افلاس بڑھتی جا رہی ہے جبکہ عوام کا کوئی پرسان حال نظر نہیں آتا۔
راولپنڈی کے صادق آباد اور گرد و نواح میں آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فائن کوالٹی کے 20 کلو آٹے کا تھیلا جو کچھ عرصہ قبل 1650 روپے میں دستیاب تھا، اب 850 روپے اضافے کے بعد 2500 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔
شہریوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ فلور ملز مالکان من مانے نرخ مقرر کر کے عوام کا استحصال کر رہے ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ غائب ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ قیمتوں پر کنٹرول کرنے والے افسران خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں اور عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے وفاقی حکومت سے فوری نوٹس لینے اور خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو غریب عوام بھوک کے ہاتھوں مزید مشکلات اور کرب کا شکار ہوجائیں گے۔