ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے بڑے ٹاکرے سے قبل دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کے لیے سخت اور جامع ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج ہونے والے اس ہائی وولٹیج مقابلے کے پیش نظر سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایونٹ سکیورٹی کمیٹی کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر اور باہر پولیس، اسپیشل فورسز اور رضاکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے تاکہ شائقین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ اسٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کڑی نگرانی کی جائے گی جبکہ جدید کیمرے اور مانیٹرنگ سسٹم نصب کر دیے گئے ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی بدتمیزی، غیر اخلاقی رویہ، ہنگامہ آرائی یا اسٹیڈیم قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر 5,000 سے 30,000 درہم تک جرمانہ اور تین ماہ تک قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔
دبئی پولیس نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ کھیل کو کھیل کی حد تک رکھیں اور کسی بھی غیر ضروری بحث یا اشتعال انگیزی سے گریز کریں تاکہ میچ کو ایک پُرامن اور خوشگوار انداز میں انجوائے کیا جاسکے۔