ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025ء کے فائنل میں پاکستان کی اننگز اختتام پذیر ہو گئی ہے اور بھارت کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف ملا ہے۔ یہ تاریخی موقع ہے کیونکہ 41 سالہ ایشیا کپ میں پہلی بار پاک بھارت ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے کے سامنے آئی ہیں، جبکہ میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی بیٹنگ لائن 19.1 اوورز میں 146 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 84 کے مجموعی اسکور پر گری جب صاحبزادہ فرحان نے 38 گیندوں پر شاندار 57 رنز بنانے کے بعد ورون کی گیند پر کیچ تھما دیا۔ ان کے بعد صائم ایوب 14 رنز بنا کر 113 کے مجموعے پر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ کے بعد پاکستانی بلے باز دباؤ میں آگئے اور اگلے آٹھ کھلاڑی صرف 33 رنز کے اضافے پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد حارث کھاتہ بھی نہ کھول سکے، فخر زمان نے 35 گیندوں پر 46 رنز کی اچھی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی ورون کا شکار بنے۔ حسین طلعت صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان سلمان علی آغا 8 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین آفریدی اور فہیم اشرف بغیر رن بنائے واپس لوٹ گئے۔ آخر میں حارث رؤف اور محمد نواز نے 6،6 رنز جوڑے۔
بھارتی بولنگ میں کلدیپ یادیو سب سے نمایاں رہے جنہوں نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ان کے ساتھ جسپریت بمراہ، ورون اور اکشر پٹیل نے 2،2 شکار کیے۔
پاکستان نے فائنل کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، محمد حارث، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔ بھارت کو البتہ ہاردک پانڈیا کی انجری کے باعث بڑا نقصان اٹھانا پڑا اور ان کی جگہ پلیئنگ الیون میں رنکو سنگھ کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں اب تک بھارت پاکستان کے خلاف دونوں میچ جیت چکا ہے، لیکن پاکستان نے دیگر تمام ایشیائی ٹیموں کو شکست دی ہے۔ دونوں ٹیمیں کسی بھی کثیر ملکی ایونٹ کے فائنل میں پانچ بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں تین بار فتح پاکستان نے حاصل کی جبکہ بھارت دو بار کامیاب ہوا۔