ایشیا کپ کے فائنل سے قبل پاکستان ٹیم کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے جبکہ بھارتی کیمپ مشکلات کا شکار دکھائی دے رہا ہے۔ بھارتی ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما اور آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کی شرکت پر شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔
جمعہ کو سری لنکا کے خلاف میچ میں دونوں کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق ابھیشیک شرما کی انجری زیادہ سنگین نہیں اور امید ہے کہ وہ فائنل میں میدان میں اتریں گے۔ تاہم ہاردیک پانڈیا کی ہیمسٹرنگ انجری نے ان کی شمولیت کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ پانڈیا کو فٹ کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے مگر حتمی فیصلہ میچ کے روز ہی ہوگا۔
یاد رہے کہ ہاردیک پانڈیا بھارتی ٹیم کا ایک اہم حصہ ہیں اور ابھیشیک شرمابھی ایشیا کپ میں مسلسل رنز بنا کر بھارتی بیٹنگ کا مضبوط سہارا بنے ہوئے ہیں۔ شائقین کرکٹ خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی اور شرما کے درمیان ہونے والے ممکنہ مقابلے کے شدت سے منتظر ہیں۔
پاکستان ٹیم کی صورتحال اس وقت بہترین ہے تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور کسی کو بھی انجری کا سامنا نہیں۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا فائنل میں وہی پلینگ الیون میدان میں اتاریں گے جو بنگلادیش کے خلاف کھیلی تھی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ بھارت اب تک آٹھ بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز دو بار اپنے نام کیا۔