ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025ء کے فائنل کا دبئی میں آغاز ہو چکا ہے جہاں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پاکستان اور بھارت فائنل میں مدمقابل ہیں۔
اس وقت میدان میں فخر زمان اور صائم ایوب بیٹنگ کر رہے ہیں۔ پاکستان نے ابتدائی 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 98 رنز اسکور کیے ہیں۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ صاحبزادہ فرحان کی صورت میں گری جنہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 38 گیندوں پر 57 رنز جوڑے جن میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل ہیں، تاہم وہ ورون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان نے اس اہم معرکے کے لیے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، محمد حارث، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارت کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا انجری کے باعث فائنل سے باہر ہوگئے۔ ان کی جگہ ٹیم میں رنکو سنگھ کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ایشیا کپ 2025ء کے دوران بھارت نے پاکستان کو دونوں میچوں میں شکست دی تھی، تاہم پاکستان باقی تمام ایشیائی ٹیموں کو مات دینے میں کامیاب رہا۔ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو کسی بھی کثیر ملکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت اب تک پانچ مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں جن میں سے تین بار پاکستان نے میدان مارا جبکہ دو بار کامیابی بھارت کے حصے میں آئی۔