بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی حکومتِ پنجاب کو آخری مہلت

image

اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پنجاب کے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بھی پیش ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری نے بتایا کہ صوبے کے بلدیاتی قوانین اور حلقہ بندیوں کی تفصیلات تو موجود ہیں، تاہم نقشوں اور انتخابی قواعد فراہم نہ ہونے کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔

اس موقع پر پنجاب کے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے بینچ کو یقین دہانی کرائی کہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور دو سے تین روز میں نقشے فراہم کر دیے جائیں گے، جبکہ ایک ہفتے کے اندر تمام نقشے ضلعی الیکشن کمشنرز تک پہنچا دیے جائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر 12 مارچ تک نقشے فراہم نہ کیے گئے تو الیکشن کمیشن ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنرز کو طلب کرکے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے گا۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق نقشے موصول ہونے کے بعد حلقہ بندیوں کے عمل کے لیے دو ماہ کا شیڈول جاری کیا جائے گا، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US