92 فیصد کراچی کی عوام سندھ حکومت سے ناخوش! ہماری ویب سروے

image
 
ایک طویل مدت سے سندھ حکومت کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے جس کی ایک حالیہ مثال اس وقت بھی دیکھنے کو ملی جب چند روز قبل کراچی شہر میں ہونے والی بارش نے آدھا شہر ڈبو کر رکھ دیا اور شہری مشکلات کا شکار ہوگئے- اس کے علاوہ شہر میں کچرے اور صفائی کے مسائل بھی ایک وقت سے سر اٹھائے ہوئے ہیں جن کی ذمہ داری لینے کو کوئی تیار نہیں- یہ مسائل بھی کچھ یوں سیاست کی نذر ہوتے دکھائی دیتے ہیں کہ صوبائی حکومت ان معاملات کا سہرا ضلعی انتظامیہ کے سر باندھتی دکھائی دیتی ہے تو ضلعی انتظامیہ اختیارات کا رونا روتے ہوئے دوبارہ تیروں کا رخ صوبائی حکومت کی جانب کردیتی ہے- اس کے علاوہ اکثر و بیشتر مسائل پر کی جانے والی اس سیاست میں وفاق کو بھی شامل کر لیا جاتا ہے-
 
قصہ مختصر شہر اور شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں اور وہ روز ایک نئے مسئلے کا شکار نظر آتے ہیں اور اکثر شکایت کرتے نظر آتے ہیں-
 
ہماری ویب نے اس سلسلے میں کراچی کے شہریوں کی رائے جاننے کے لیے ایک سروے کا انعقاد کیا جس میں لوگوں سے یہ سوال کیا گیا کہ “ کراچی والوں! کیا آپ سندھ حکومت کی کارکردگی سے مطمئین ہیں؟“
 
image
 
اس سروے میں 1800 سے زائد افراد نے شرکت کی اور اپنی رائے کا اظہار کیا- سروے کے دوران 92 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ سندھ حکومت کی کارکردگی سے ہرگز مطمئین نہیں ہیں جبکہ صرف 8 فیصد افراد ایسے تھے جنہوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا-
 
سروے کے دوران شہریوں نے رائے دیتے ہوئے شدید غصے کا اظہار بھی کیا اور سندھ حکومت کو نااہل قرار دیا-
 
image
 
محمد عارف نامی سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ “ سندھ حکومت سوائے کرپشن کے اور کچھ نہیں کرتی- لگاتار پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اس کے باوجود کراچی کا یہ حال ہے“-
 
جیسمین روز کا کہنا تھا کہ “ ﷲ ان سے ضرور حساب لے گا جس طرح انہوں نے کراچی کو تباہ و برباد کیا ہے“-
 
سوشل میڈیا صارف روبینہ رانا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ “ اگلی بار پر انہی کو ووٹ دینا کیونکہ بھٹو کو بھی تو زندہ رہنے کا حق ہے“-
 
image
 
اس موقع پر جوہر رضی نامی صارف نے تو سندھ حکومت کی کارکردگی پر تو کوئی تبصرہ نہیں کیا البتہ پی ٹی آئی کی حکومت سے ضرور سوال کر ڈالا کہ 14 سیٹیں تو پی ٹی آئی والوں کے پاس بھی ہیں وہ کونسی تبدیلی لے آئے؟
 
ہماری ویب دعا گو ہے کہ صرف سندھ کے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے تمام مسائل کا خاتمہ ہو اور شہری ایک خوش و خرم زندگی بسر کریں- آمین
 
ہماری ویب قارئین سے گزارش ہے کہ وہ بھی کمنٹ باکس میں تبصرے کی صورت میں اپنی رائے کا اظہار ضرور کریں-
YOU MAY ALSO LIKE: