آصف زرداری حمزہ شہباز کو بچانے کیلئے کونسا داؤ آزمائیں گے؟ جبکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مضبوط۔

image
 
پنجاب کے ضمنی الیکشن میں 15 سیٹوں پر کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے اور ایوان میں تحریک انصاف اور اتحادیوں کو واضح اکثریت حاصل ہے- تاہم حکومتی اتحاد نے ہر صورت حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کی ذمہ داری ایک بار پھر مفاہمت کے بادشاہ کہلانے والے سابق صدر آصف علی زرداری کے کندھوں پر آگئی ہے۔
 
پی ٹی آئی کی پوزیشن
پی ٹی آئی کے پاس پنجاب اسمبلی میں پہلے 163 ممبران تھے لیکن اب 15 نشستیں حاصل کرنے سے یہ تعداد 178 ہوگئی ہے جبکہ اتحادی جماعت (ق) لیگ کے کل 10 ارکان ہیں جس کے بعد دونوں جماعتوں کے پنجاب اسمبلی میں اس وقت مجموعی طور پر 188 ارکان ہیں۔
 
مسلم لیگ (ن) اور اتحادی
مسلم لیگ (ن) کے پاس 164 ارکان تھے لیکن ضمنی الیکشن میں 4 نشستیں لینے کے بعد اب اس کے ارکان کی تعداد 168 ہوگئی ہے۔اس کےعلاوہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے 7 ارکان ہیں جبکہ 3 آزاد ارکان اور ایک رکن راہِ حق پارٹی کا ہے جس کے بعد (ن) لیگ کے اتحادیوں کے ساتھ کل نمبر 179 ہیں۔17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار غیر فعال ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں (ن) لیگ کے 2 ارکان کے استعفوں کے بعد اس وقت بھی 2 نشستیں خالی ہیں۔
 
image
 
حکمراں اتحاد کا فیصلہ
پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے گزشتہ روز حکمران اتحاد کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی حکومت میں شامل تمام جماعتوں نے شرکت کی اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور کسی صورت قبل ازوقت انتخابات نہیں کروائے جائیں گے جبکہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کی ذمہ داری سابق صدر آصف علی زرداری کو سونپی گئی ہے۔
 
آصف زرداری متحرک
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو پاکستان کی سیاست میں مفاہمت کا بادشاہ کہا جاتا تھا اور انہوں نے کئی مواقع پر ناممکن کو ممکن میں تبدیل کرکے دکھایا بھی ہے اور اسی لئے پنجاب میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی ذمہ داری آصف علی زرداری کو دی گئی ہے اور اہم بات یہ ہے کہ آصف علی زرداری نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور واپس جاتے ہوئے فتح کا نشان بناتے ہوئے گئے۔
 
image
 
انتخاب میں بڑا اپ سیٹ
پی ٹی آئی کیلئے پنجاب میں حکومت بنانا ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے جس کیلئے ماضی کے بڑے حریف پرویز الٰہی کی حمایت سے بھی گریز نہیں تاہم پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے ہر صورت (ق) لیگ کا ساتھ چاہیے لیکن سیاسی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آصف زرداری نے چوہدری شجاعت کو (ن) لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت پر قائل کرلیا ہے اور امید ہے کہ(ق) لیگ وزیراعلیٰ کے انتخاب میں پرویز الٰہی کے بجائے حمزہ شہباز کی حمایت کریگی اور اگر واقعی ایسا ممکن ہوا تو آصف علی زرداری کی کامیابیوں میں ایک اور اضافہ ہوجائیگا۔
YOU MAY ALSO LIKE: