نیشنل گیمز میں کھلاڑیوں کی لڑائی، واپڈا اور پاکستان آرمی کے 12 کھلاڑی اور 2 آفیشلز معطل

image

نیشنل گیمز کے فٹبال سیمی فائنل کے بعد واپڈا اور پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے کے واقعے پر انتظامیہ نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے 12 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شائقین نے دونوں ٹیموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق جھگڑا اُس وقت ہوا جب سیمی فائنل کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز آپس میں گتھم گتھا ہوگئے جس میں دھکے، گھونسے اور دھمکی آمیز ماحول دیکھنے میں آیا۔ اس ناخوشگوار صورتحال کے بعد نیشنل گیمز کی انتظامیہ نے واپڈا کے 7 کھلاڑیوں، پاکستان آرمی کے 5 کھلاڑیوں اور دو آفیشلز واپڈا کے اسسٹنٹ کوچ زاہد حمید اور آفیشل ندیم عبدالرحمن کو فوری معطل کر دیا۔

انتظامیہ کے مطابق معطل شدہ کھلاڑی اور آفیشلز نیشنل گیمز میں مزید حصہ نہیں لے سکیں گے جبکہ ان کے خلاف مزید تادیبی کارروائی گیمز کے اختتام کے بعد کی جائے گی۔

یہ نیشنل گیمز دوران پیش آنے والا پہلا واقعہ نہیں۔ جمعرات کے روز ہاکی کے سیمی فائنل میں بھی پاکستان نیوی اور واپڈا کے کھلاڑیوں کے درمیان لڑائی ہوئی تھی جس میں لاتوں اور دھکے بازی کی ویڈیوز وائرل ہوئیں۔ اسی طرح خواتین نیٹ بال چیمپئن شپ کے ایک میچ کے بعد بھی کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ سامنے آیا تھا۔

منتظمین کے مطابق تینوں واقعات نے نیشنل گیمز کی ساکھ پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے سخت ضابطہ اخلاق نافذ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US