حضرت جابرؓ سے روایت ہے فرمایا نبی پاکﷺ نے کہ جب کوئی تم
میں سے اپنے گھر میں داخل ہوتا ہے اور داخلے کے وقت اور کھانا کھانے کے وقت
وہ اللہ کا کا نام لیتا ہے تو شیطان اپنے چیلوں سے یہ کہتا ہے کہ تمہارے
لئے نہ تو کھانا ہے اور نہ ہی رات گذارنے کیلئے کوئی جگہ ہے اور اگر وہ
اپنے گھر میں داخلے کے وقت اور کھانا کھاتے وقت وہ اللہ تبارک و تعالیٰ کا
نام نہیں لیتا تو شیطان اپنے چیلوں سے کہتا ہے کہ اب تمہارے لئے کھانا بھی
ہے اور رات گذارنے کیلئے جگہ بھی ہے(صحیح مسلم شریف)۔
اس حدیث شریف میں یہ بات بیان کی گئی ہے کہ جب کوئی مسلمان شخص اپنے گھر
میں داخل ہوتے وقت اور کھانے کے وقت اللہ تبارک و تعالیٰ کو یاد کرتا ہے تو
شیطان اسکے کھانے میں شرکت اور اسکے پاس رات گذارنے سے مایوس ہوجاتاہے۔
اسکے بر عکس اگر وہ ان دونوں موقعوں پر اللہ تبارک و تعالیٰ کو یاد نہیں
کرتا تو شیطان اور اسکے چیلے اسکے کھانے میں شرکت اور اسے گمرہ کرنے کیلئے
رات کو اسکے پاس آ جاتے ہیں۔
لہٰذا ہمیں چاہیے کہ اپنے گھر میں داخل ہوتے وقت اور کھانا کھاتے وقت اللہ
تبارک و تعالیٰ کو یاد کریں تاکہ شیطان کے شر سے محفوظ ہو جائیں
|