عمل اورردّعمل

بھارتی جاسوس کلبھوشن کی اپنی والدہ اوراہلیہ کی ملاقات پرفی الحال پاک وہندکے میڈیامیں مختلف اندازمیں تبصرہ اورواویلا جاری ہے لیکن کیاواقعی پاکستان نے انسانی ہمدردی کے تحت ملاقات کاموقع دیکرکوئی بڑاقدم اٹھایاہے کہ نہیں،یہ توآنے والوں دنوں میں اس کی وضاحت ہو جائے گی،سیاسی تجزیہ نگار اوردانشوراوردیگرمتعلقین اپنی اپنی دانش کے مطابق ہرپہلوکا جائزہ لیتے رہیں گے البتہ ملاقات کیلئے آنے والی دونوں بھارتی خواتین بہت خوش تھیں اور رخصت ہوتے وقت سب کاشکریہ ادا کرتی رہیں جبکہ پاکستان اوربالخصوص کشمیرکے عوام سخت رنجیدہ تھے کہ کلبھوشن جوبرسوں سے پاکستان میں نہ صرف تخریب کاری اور دہشتگردی میں ملوث ہونے کاخوداقبال جرم کرچکاہے اور پاکستان میں سینکڑوں معصوم پاکستانیوں کے ناحق قتل کی ذمہ داری بھی تسلیم کرچکاہے،پاکستانی حکمرانوں نے قصرسفیدکے فرعون کے دباؤمیں آکراپنی غیرت وحمیت کوخاک میں ملاکرآخراتناسستاسودہ کیسے کرلیالیکن دوسری طرف یہ اہم سوال بحث طلب ہے کہ بھارتی حکومت نے بھارتی میڈیا کوان دونوں خواتین تک رسائی دینے سے کیوں انکارکردیاہے اوریہ دونوں خواتین اس وقت ''را'' کی سخت نگرانی میں کیوں ہیں جہاں ان کو زبان کھولنے کی قطعاًاجازت نہیں ۔

اس ملاقات کوخوش آئندکہنے والے سمجھتے ہیں کہ ماں اوربیوی کی ملاقات کا موقع فراہم کرکے پاکستان نے بھارت پرسفارتی برتری حاصل کرکے عالمی سطح پربھارتی پروپیگنڈے کوناکام بنادیا۔بھارتی فوج کے حاضرسروس ملازم نے اگرچہ بلوچستان سے پاکستان میں دہشتگردی کانیٹ ورک چلانے کا اعتراف کیا ہے،سینکڑوں پاکستانی کوقتل کیا مگر اتنے بڑے مجرم کوبھی انسانی ہمدردی کے تحت گھروالوں سے ملاقات کاموقع فراہم کرنا ایک تاریخی قدم ہے جویقیناً ایک دل گردے کاکام ہے،کوئی دوسراملک ہرگزایساقدم نہیں اٹھاسکتا،اس قسم کی سہولت دینے کاسوچ بھی نہیں سکتا مگردیکھنے والی بات یہ ہے کہ اس اقدام سے بھارت کوسفارتی سطح پرشکست وہزیمت کاسامنارہاہے،جوبھارت مسلسل پاکستان کوبدنام اورتنہاکرنے میں کوشاں رہتاہے،اب عالمی برادری کومنہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا۔پاکستان کواس عمل سے اخلاقی برتری حاصل ہوگئی ہے۔اس سے عالمی سطح پرپاکستان کاامیج بہترہوگااور دنیاکومثبت پیغام جائے گا۔ پاکستان نے ملاقات کراکے اپنے روّیہ میں لچک دکھاکربھارت پرسبقت حاصل کرلی ہے ۔ قبل ازیں ایسا کچھ دیکھنے میں نہیں آرہاتھا،بھارت تواس طرح کاخوش آئندقدم اٹھا ہی نہیں سکتا۔اب پوری دنیاپرحقیقت واضح ہوگئی ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کوئی جنگی ماحول نہیں چاہتا لیکن جب سفارتی سطح پرکوئی بات ہوتی ہے توپھر اپنامقدمہ پورے مصدقہ شواہدکے ساتھ لڑنے کیلئے بھی تیارہے۔

اختلاف رائے رکھنے والوں کے دلائل بھی بہت جانداروتواناہیں کہ کلبھوشن ایک ایسابھارتی ''را''کا تربیت یافتہ جاسوس ہے جوکئی سالوں سے بلوچستان، کراچی اورپاکستان کے دیگرحصوں میں تخریب کاری میں ملوث ہزاروں بے گناہ پاکستانیوں کاقاتل ہے اورپاکستان میں خون کی ندیاں بہانے میں اس کاکلیدی کردار ہے،اپنے ان تمام جرائم کاخوداعتراف بھی کرچکا ہے ،اس کے باوجودحکومت پاکستان نے انسانی بنیادوں پربھارتی جاسوس کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کروائی مگردوسری جانب کشمیری حریت رہنماؤں کے اہل خانہ کوکئی برسوں سے اپنے خاندانوں سے ملنے نہیں دیاجاتاجوانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے لیکن کیاوجہ ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیری رہنماؤں کے ساتھ ایک دہشتگردسے بھی بدترسلوک روارکھا جاتاہے؟کیاان کے کوئی انسانی حقوق نہیں؟ان کے بنیادی حقوق اس لئے پامال کئے جارہے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پرعملدرآمدکامطالبہ کررہے ہیں؟

بھارتی روّیہ پاکستان کے جذبہ خیرسگالی کے جواب میں بھی بے حدافسوسناک ہے۔آپ اندازہ کریں کہ بھارتی جاسوس اوربدترین قاتل دہشتگردسے ملاقات کرنے کے بعداس کی ماں اوراہلیہ ابھی پاکستان میں موجودتھیں کہ کہ احسان فراموش بنیاء بازنہیں آیااوراس نے پاکستان کے خیرسگالی جذبے کے جواب میں کنٹرول لائن راولاکوٹ سیکٹرمیں رکھ چکری کے مقام پربلااشتعال فائرنگ کرکے پاک فوج کے تین جوانوں کوشہیدکردیا،جس کے جواب میں پاک فوج نے بھی بھرپور جواب دیکران کی توپوں کوخاموش کردیااورایک اطلاعات کے مطابق ان کے بھی چارفوجی جس میں ایک میجربھی شامل ہے،جہنم واصل کردیئے گئے لیکن بھارتی میڈیا حسب معمول ماتم کناں ہے اورمذکورہ ملاقات کے بعدمسلسل زہراگل رہاہے۔

پاکستانی میڈیانے دہشتگردکلبھوشن سے ماں اوربیوی کی ملاقات پر بھرپورکوریج کااہتمام کیامگربھارت کاجنگجومیڈیاروایتی ہیجان خیزی کے ساتھ بے بنیاد پروپیگنڈہ کی گردان پراترآیا۔ابھی ملاقات جاری تھی اورایساکچھ بھی سامنے نہیں آسکاتھا جس پرتبصرہ کیاجاتامگرپہلے سے تیاربھارتی چینل چیخنے چنگھاڑنےلگے،آنکھوں دیکھی مہربانیاں بھی پروپیگنڈہ نظرآنے لگیں۔ایک چینل نے تویہاں تک مضحکہ خیزاعتراض کر ڈالاکہ کلبھوشن کی ملاقات کے دوران درمیان میں میں شیشہ کی رکاوٹ کیوں حائل تھی،کیمرے کیوں لگائے گئے؟؟ بھارتی میڈیا یکسربھول گیاکہ کلبھوشن ایک ہائی پروفائل بھارتی جاسوس ،قاتل اورسزا یافتہ مجرم ہے جبکہ خودبھارت کا پاکستانی قیدیوں کے ساتھ نارواانسانیت سوزکی کہانیاں توزدعام ہیں کہ کس طرح ان پرتشددکرکے ان کومعذورتک کردیاجاتاہے اوربعض معاملات میں تو تشددکی بناء پروہ قیدی اپنی یادداشت تک کھوبیٹھتے ہیں۔کیابھارتی بے شرم میڈیااپنے حکام سے استفسارکرے گاکہ کلبھوشن کی ماں اوربیوی کو پاکستانی میڈیاسے بات کرنے سے کیوں روکاگیا؟کیابھارتی متعصب،زہرافشاں ذرائع ابلاغ کبھی اس سوال کاجواب دیناپسندکریں گے کلبھوشن کو حسین پٹیل کے نام سے بھارتی پاسپورٹ کیوں جاری کیا گیااوروہ پاکستان میں کیاکررہاتھا؟

کلبھوشن کی گرفتاری کے کچھ عرصہ بعداپریل میں پاک فوج کے ایک سبکدوش لیفٹیننٹ کرنل حبیب نیپال کے ایک شہرسے پراسرارطورپرغائب کردیئے گئے، آج تک ان کے بارے میں کوئی خبرنہیں۔یہ شہرنیپال اورانڈیاکی سرحد پر واقع ہے اوردونوں ملکوں کے درمیان سب سے بڑی سرحدی چوکی ہے ۔اس سرحدی چوکی سے بڑی تعدادمیں انڈین اورنیپالی شہری ہرروزایک دوسرے کے ہاں آتے جاتے ہیں اوراس سرحدی شہرکاہوائی اڈہ سرحدی چوکی سے چندکلومیٹرکے فاصلے پرواقع ہے۔کرنل حبیب آخری باراسی ہوائی اڈے کے باہر دیکھے گئے تھے۔نیپال کی پولیس نے اس معاملے کی تفتیش کی تھی لیکن اس کی زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔نیپال کے ذرائع ابلاغ نے کرنل حبیب کی گمشدگی کےبارے میں جو قیاس آرائیاں کی تھیں اس میں واضح اشارہ کیاگیاتھاکہ اس پراسرارگمشدگی میں انڈین خفیہ ایجنسیوں کاہاتھ ہونے کاشک گزرتاہے۔اس معاملے کی حساس اوربین الاقوامی نوعیت کے پیش نظرنیپال کی سیاسی قیادت اورپولیس نے کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی جس سے ان کی گمشدگی کے بارے میں کوئی عندیہ ملتاہو۔اس وقت انڈیاکے اخبارانڈین ایکسپریس میں شائع ایک مضمون میں کہاگیاتھاکہ کرنل حبیب پاکستان کی اس خفیہ ٹیم میں شامل تھے جنہوں نے کلبھوشن کورنگے ہاتھوں گرفتارکیاتھا۔پاکستان کے میانہ رو اورمعتدل مبصرین بجاطورپریہ سوال بھی اٹھارہے ہیں کہ اس ملاقات سے پہلے کم ازکم ملاقات سے پہلے کم ازکم پاکستان کے ایک سپوت کرنل حبیب کی رہائی کاتقاضہ ہی کرلیاجاتا۔

یہ امرانتہائی حیرت کاموجب ہے کہ پاکستان نے ملاقات کیلئے ۲۵دسمبرکاتاریخی دن مقررکیا۔میڈیاپر۲۵دسمبرکو بابائے قوم محمدعلی جناح کی زندگی کے مختلف پہلواجاگرکرنے کے پروگرام اورگفتگوہوتی ہے لیکن اس بارسارادن اس منحوس کلبھوشن کی ملاقات کاتذکرہ ہوتارہا۔پاکستانیوں نے جس اندازمیں یہ دن مناناتھا، میڈیااس کاساتھ نہ دے سکا۔اس سے بھی زیادہ توجہ طلب بات یہ ہے کہ بھارت میں کئی پاکستانی قیدہیں جن پربے پناہ تشددکیاجاتاہے،جوپاکستانی کبھی رہائی پا جائیں تویاوہ ادھ موئے اورظلم کی داستان منہ پرسجائے ارض وطن پہنچتے ہیں یاپھران میں اکثریت اپاہج کردی جاتی ہے لیکن پاکستان میں بھارتی قیدیوں کے ورثاء کوغیرمعمولی پروٹوکول دیکرملاقات کے مناظردکھائے جاتے ہیں جس سے بالخصوص پاکستانی قیدیوں کے رشتہ داراوربالعموم پاکستانی قوم کے اذہان میں یہ سوال ابھرتاہے کہ کیاہمیں بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پربات چیت اورسلوک نہیں کرناچاہئے؟اگرپاکستان انسانی اوربین الاقوامی حقوق کی پاسداری کرتاہے تودوسری طرف سے ایسی ہی خیرسگالی کے جذبات کااظہار کیوں دکھائی نہیں دیتے؟مگریہاں توہندو کا بھیانک اور خونریزچہرہ ہی نظرآتاہے۔اقوام عالم نے پاکستان کی جانب سے اچھے برتاؤاورباہمی تعلقات بہتربنانے کی سعی دیکھ لی ہے ،اب عالمی برادری کافرض بنتا ہے کہ وہ بھارت پرزوردے کہ وہ جموں وکشمیر میں قتل وغارت کاسلسلہ بندکرے اور پاکستان کلبھوشن کے مصدقہ اقبال جرم کے بعداس کوسنائی جانے والی سزاپرفوری عملدرآمدکرے۔

Sami Ullah Malik
About the Author: Sami Ullah Malik Read More Articles by Sami Ullah Malik: 491 Articles with 315815 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.