راستے سہل منزل آسان!!

کہتے ہیں کہ راستے آسان ہوں توں منزل جلد قریب آتی ہے ،اور اگر راستہ ہی خراب ہو تو منزل میں دشواریاں پیش آتی ہیں،اسی کے مصداق پاکستان میں راستوں کی پختگی اور ہمواری کاجتنا کام موجودہ جمہوری حکومت مسلم لیگ ن کے دور میں ہوا شاید اس کی تاریخ اس سے پہلے نہیں ملتی۔ گزشتہ روز وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہدخاقان عباسی نے ڈیرہ غازیخان میں نادرن بائی پاس اورراکھی گاج تابواٹاسیکشن کاافتتاح کیا جوبالترتیب 18.90کلومیٹر اور32.6کلومیٹر طویل سڑکوں کے منصوبے ہیں ان منصوبوں پر 4.874ارب روپے اور13.753ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ان منصوبوں کے علاوہ وزیراعظم نے جام پور ،سخی سرور اورچوٹی زیریں کے علاقے اورڈیرہ غازیخان کے گردونواح میں سوئی گیس کی فراہمی کابھی اعلان کیا ۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازیخان سے روجھان تک 180کلومیٹر طویل سڑک کو بھی دورویہ کیاجائیگا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء حافظ عبدالکریم، اویس احمد خان لغاری جبکہ ارشد لغاری، ماروی میمن، جعفر خان لغاری، ملک ابرار، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں جہاں بھی ترقیاتی کام ہوئے ان کا سہرا مسلم لیگ ن کے سر جاتا ہے، عوامی اعتماد سے ہی ملک کی ترقی ممکن ہے، توقع ہے کہ عوام جولائی میں بہتر فیصلہ کریں گے اور تعمیر و ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان آ کر بے پناہ خوشی ہوئی ہے، 20 سال بعد یہاں آیا ہوں، آپ لوگوں کی مسلم لیگ ن سے محبت دیکھ کر پورا یقین ہے کہ جولائی کے انتخابات میں ایک بار پھر مسلم لیگ ن کامیاب ہو گی جس کے لیے آپ سب نے مل کر کوشش کرنی ہے۔ سابقہ ادوار پر اگر نظر دوڑائی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بحرانوں نے عوام کا جینادوبھر کیا ہوا تھا،سڑکیں تھیں لیکن اکثر خراب،ملک کے دورافتادہ علاقوں میں تو عوام کو قریبی شہروں میں آمدورفت کے دوران شدید مشکلات درپیش تھیں،ریلوے کا نظام تباہ ہوچکا تھا ،صنعتی ادارے مفلوج ہوچکے تھے،اور سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی کا تھا جس نے پاکستان میں ہر شعبے کو متاثر کیا ہوا تھا،غیر ملکی صنعتکار پاکستان سے جارہے تھے ،فاٹاوزیرستان کے عوام خوف وہراس کا شکار تھے ،سیاحت کا تو شعبہ بالکل تباہ ہوچکا تھا۔لیکن پھر 2013ء کے بعد برسراقتدار آنیوالی جماعت مسلم لیگ ن نے ان سب بحرانوں پر آہستہ آہستہ قابو پانا شروع کردیا اسی دوران پاکستان کے عظیم دوست ،چین نے بھی پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے موجودہ حکومت کیساتھ پاکستان چین اقتصادی راہداری کا معاہدہ کیا جس سے ترقی کی رفتار مزید تیز ہوئی ۔جہاں حکومت نے اپنا ٹارگٹ مکمل کرنا شروع کیا تو دوسری جانب پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج نے بھی اپنے مشن میں آپریشن ضرب عضب ،آپریشن ردالفساد سے دہشتگردی کا قلع قمع کردیاآج اِکا دُکا عناصر جو کبھی کبھار چھپ کر وار کررہے ہیں انشااﷲ جلد ہی اُن کا بھی خاتمہ کردیا جائے گا۔آج پوری دنیا کے صنعتی اداروں کا پاکستان پر پھر سے اعتماد بحال ہوا ہے اور آج غیر ملکی صنعتکار،تاجر پاکستان میں اربوں کھربوں کی سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔دہشتگردی کی وجہ سے پاکستان میں کھیلوں کا شعبہ بھی زوال پذیر تھالیکن آج پاکستان میں پی ایس ایل کے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد نے ثابت کردیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور آج غیرملکی کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کررہی ہیں اور یہاں کرکٹ میچ کھیل رہی ہیں۔اس حوالے سے پی سی بی کی خدمات بھی قابل تعریف ہیں ۔سیاحت کے حوالے سے بھی موجودہ حکومت نے خاطر خواہ اقدامات کیے گزشتہ سال2017ء میں غیرملکی سیاحوں کی پاکستان آمد کا ریکارڈ گزشتہ ادوار سے زیادہ تھا ،اس حوالے سے پی ٹی ڈی سی کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اگر پنجاب کا موازنہ دوسرے صوبوں سے کیا جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ جتنا کام وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کیا ہے دوسرے صوبوں میں اتنا کام نہیں ہوا۔خاص کر پنجاب کے بڑے شہروں میں میٹرو بس کے منصوبوں نے تو عوام کیلئے آمدو رفت آسان بنا دی ہے ،اس کے علاوہ صحت کے شعبوں میں بھی وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم کے ہسپتالوں کے دوروں سے صحت کا شعبہ بھی عوام کو مستفید کررہا ہے ۔تعلیم کے شعبہ میں بھی وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی قابل تحسین ہے ۔آج اورنج میٹرو ٹرین کا منصوبہ بھی اپنی مدت تکمیل کو پہنچنے والا ہے جس کے بعد لاہور کے عوام کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ایک اور خوبصورت تحفہ ملے گا۔گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹریک اور سٹیشن مکمل ہونے پرسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر قابل دید تصویری ٹویٹ کیا۔وزیراعلی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹریک اور سٹیشن کے فضائی اور زمینی مناظر کی 16تصاویر ٹویٹ کیں-تصویری ٹویٹ میں شہر کے وسط سے گزرتے ہوئے میٹرو ٹریک کا خوبصورت فضائی منظر بھی شامل ہیں- وزیراعلی شہبازشریف نے ٹویٹ میں لکھا 22 قیمتی ماہ ضائع ہونے کے باوجود اورنج لائن میٹروٹرین تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے-انہوں نے کہاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین انشاء اﷲ بہت جلد عوام کو اعلی ترین سفری خدمات فراہم کررہی ہوگی۔اُمید ہے ترقی کا یہ سفر اسی رفتار سے چلتا رہے گااور عوام ان منصوبوں سے مستفید ہوتے رہیں گے۔

Laraib Fatima
About the Author: Laraib Fatima Read More Articles by Laraib Fatima: 3 Articles with 2289 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.