علامہ داؤد راز دہلویؒ حیات و خدمات :ایک جائزہ

سر دست اس کتاب کے تعلق سے اتنا ضرور کہا جاسکتا ہے کہ یہ کتاب ایک ایسے عالم باعمل کی زندگی پر محیط ہے جس کی حیات کا ایک ایک لمحہ شریعت محمدیہ کی ترویج و اشاعت میں گزرا اور اس کے صلے میں اسے جو فیضان نبوی حاصل ہوا اس کا ایک وافر حصہ وہ امت محمدیہ کو پہنچاتا رہا ۔

تعارف و تبصرہ : وصیل خان
نام کتاب :علامہ داؤد راز دہلوی حیات وخدمات
جمع وترتيب :عبدالجليل أنصاری مکی، خالد حنیف فلاحی عبدالحکیم عبد المعبود،
إسماعيل رافعی، محمد اسلم صیاد
صفحات :952 قیمت : درج نہیں
ناشر:شعبہ نشر و اشاعت جامع مسجد اہل حدیث مومن پورہ بائیکلہ ممبئی ،11
مبارکبادکے قابل ہیں جامع مسجد اہل حدیث مومن پورہ بائیکلہ ممبئی کے وہ ارباب جنہوں نے "دیر آید درست" کے مصداق اہل حدیث کے داعی، مبلغ، صحافی، شاعر، مفسر، محدث، شارح بخاری علامہ داؤد راز دہلوی ؒ کی حیات وخدمات پر ایک مفصل ومدلل کتاب ترتیب دی ہے۔اتنی اہم اور مفصل کتاب پر تبصرہ کرنا گویاسمندر کو کوزے میںبند کرنے کا انتہائی دشوار عمل ہے۔سر دست اس کتاب کے تعلق سے اتنا ضرور کہا جاسکتا ہے کہ یہ کتاب ایک ایسے عالم باعمل کی زندگی پر محیط ہے جس کی حیات کا ایک ایک لمحہ شریعت محمدیہ کی ترویج و اشاعت میں گزرا اور اس کے صلے میں اسے جو فیضان نبوی حاصل ہوا اس کا ایک وافر حصہ وہ امت محمدیہ کو پہنچاتا رہا ۔کتاب دس أبواب پر مشتمل ہے جو116مقالہ جات پر محیط ہے، مقالہ نگاروں میں ہند وبیرون ہند کے علماء ومشائخ کے تاثرات بھی شامل ہیں.جس میں مملکت سعودی عربیہ کے سابق حکمران مرحوم شاہ سعود ، امام حرم شیخ سعود الشريم، امام مسجد اقصی علی العباسی، امام مسجد قباشیخ احمد الحذیفی وغیرھم کے تاثرات بھی حوالہ قرطاس ہیں -مقدمہ مولانا عبد الجليل انصاری نےتحریرکیاہے، انہوں نے مذکورہ کتاب کی غرض و غایت، ذمہ داران جماعت سے مشاورت کے بعد علامہ داؤد راز دہلویؒ کی حیات وخدمات پر ایک مفصل کتاب عوام الناس کے سامنے لانے اور علامہ رحمہ اللہ علیہ کی دینی وجماعتی خدمات سے واقف کرانے اور اس کتاب میں علامہ راز کی زندگی کے ابتدائی ایام دور طفولیت، زمانہ طالب علمی اور بعد فراغت درس و تدریس، دعوت وتبلیغ، امامت وخطابت پر تفصیلی روشنی ڈالی ہےساتھ ہی دور صحافت میں آپ کی ادارت میں نکلنے والے جریدےنور الایمان کے مشمولات پر بھی روشنی ڈالی ہے ، متعدد دینی کتابوں کی تصنیف و تالیف، ترجمہ وتشریح میں حیات نبوی، خالص اسلام، چہل اسلام کے علاوہ صحیح بخاری شریف، صحیح مسلم شریف کاسلیس اردو زبان میں ترجمہ وتشریح ایک اہم کارنامہ ہےجوایک طرح سے علامہ کے لیےصدقہ جاریہ ہے وہ بھی شامل مقالہ ہے-اس کے علاوہ علامہ رازؒنےشیخ الاسلام مولانا ثناءاللہ امرتسری کےچوالیس سالہ فتاوی کو فتاوی ثنائیہ کے نام سے جمع وترتيب کی ہے جس کا ذکر ایک الگ عنوان سے کتاب میں موجودہے- آپ نے دینی خدمات میں دفاع اسلام کے نام سے بھی ایک کتاب ترتیب دی ہےجس میں دفاع سنت، فتنہ انکار حدیث پر مدلل و مفصل بحث شامل ہے۔ دفاع جماعت اہل حدیث کے تعلق سے علامہ کےکارہائے نمایاںکو کتاب میں خاصی جگہ دی گئی ہے۔علامہ راز رحمہ اللہ کی دعوتی میدان میں مقبولیت اور اس کے اسباب پر تفصیلی طور سے اظہار خیال کیا گیا ہے ۔خصوصاً دہلی، اتر پردیش، بہار و بنگال اور جنوبی ہند میں آندھراپردیش، کرناٹک، تمل ناڈاورکیرلا وغیرہ میں ان کی دعوتی و تبلیغی کوششوںکا ذکر بسیط انداز میں کیا گیا ہے. آپ دعوتی کاز کے سلسلے میں کئی کئی مہینے، خاص طور سے رمضان المبارک کا پورا مہینہ گھر سے دور دین اسلام کی خالص تعلیمات کو عام کرنے میں صرف کرتے۔ کتاب کے اخیر میں قطعات و منظومات کےتوسط سےموصوف کی دینی وجماعتی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

waseel khan
About the Author: waseel khan Read More Articles by waseel khan: 126 Articles with 106168 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.