انتخاباتی تاریخ۔۔۔میں اپنے خُون سے لکھتا ہُوں، تم گواہی دو

ہم اسلام نافذ کرنے نکلے تھے، ہم نے نظامِ مصطفیٰ ﷺ کا نعرہ لگایا تھا، ہمیں نظامِ خلافت کا نقشہ دیا گیا تھا، ہم نےاپنے بچوں کے ہاتھوں سے کتابیں لے کر کلاشنکوفیں تھما دیں، ہم نے یہ سمجھ لیا کہ جو ہم سمجھتے ہیں صرف وہی اسلام ہے ، چنانچہ ہمیں جنت میں جانے والی ٹرین میں بٹھا دیا گیا، آج جب وہ ٹرین رکی تو ہم نے دیکھا کہ ہم جنت میں نہیں بلکہ جہنم میں پہنچ چکےہیں، ستر سالوں کے بعد ہم ایک ایسے ملک میں اترے ہیں جہاں کے سیاستدان بد اخلاقی اورگالی گلوچ کے رسیا ہیں، جہاں کے لوگوں کی کمریں ٹیکس کے بوجھ سے ٹوٹ چکی ہے، جہاں کے عوام اپنی نوجوان نسل کو داعش اور طالبان کے ہاتھوں میں یرغمال بنا ہوا دیکھتے ہیں، جہا ں سیاست کے لئے بدمعاشی اور ماردھاڑلازمی جزو بن چکی ہے، جہاں عدل و انصاف کا حصول محض ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔

جہاں ایک ہفتےمیں انتخابی مہم پر نکلنے والے دوسو سےزائد لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔آخر ہم کب تک اسی طرح بیٹھے رہیں گے اور قاتلوں کی شناخت سے انکار کرتے رہیں گے!؟

سات جولائی کو جنوبی خیبر پختونخوا کےضلع بنوں میں ملک شیریں کے قافلے پر حملہ کر کے ملک شیریں سمیت 7 افراد کو زخمی کیا گیا۔ملک شیریں کا تعلق ایم ایم اے سے ہے۔گیارہ جولائی کو منگل کی شب پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجہ میں این اے 31 اور پی کے 78 سے اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 21 افراد شہید اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے۔

اسی طرح ۱۳ جولائی کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 سے متحدہ مجلسِ عمل کے امیدوار اکرم درانی پر بنوں میں حملہ کیا گیا اس حملے میں اکرم درانی تو بچ گئے دیگر چار افراد شہید اور بیس سے زائد زخمی ہوئے، ۱۳ جولائی کو ہی بلوچستان میں ہونے والے خودکش دھماکے میں سابق وزیراعلی اسلم رئیسانی کے بھائی اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 32 سے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 128 افراد کو شہید جب کہ 1۵0 سے زائدکو زخمی کیا گیا۔

یہ سب ایک ایسے ملک میں انتخابات کے دوران ہو رہا ہے جو دنیا کا واحد اسلامی نظریاتی ملک ہے، جس کی فوج دنیا کی بہترین فوج اور جس کے دفاعی اداروں کے پاس ایٹم بم تک موجود ہے۔

ظاہر ہے کہ اگر انتخابی مہم بہترین طریقے سے نہیں چلے گی تو عوام ووٹ ڈالنے کے لئے نہیں نکلیں گے، جب عوام کی شمولیت کم ہو گی تو انتخابات کا نتیجہ بھی کمزور رہے گا اورایسے انتخابات کے نتیجے میں جو حکومت بنے گی وہ بھی کمزور ہی ہو گی۔

اس ملک میں جمہوریت اور جمہوری سرگرمیوں کے دشمن کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود ہمارے ریاستی ادارے ان پر کسی بھی قسم کی قدغن لگانے کے لئےتیار نہیں ہیں ، یہ لمحہ فکریہ ہے ہمارے لئے کہ ایک نمبر کے مانے ہوئے وحشی درندوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکال کر انہیں بھی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

جب ہم ایک طرف تو دہشت گردوں کے خلاف مختلف قسم کے اپریشن کرنے کے دعوے کرتے ہیں اور دوسری طرف عملا دہشت گردوں کو انتخابات میں شریک ہونے کی اجازت دیتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم خود ہی دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔

دہشت گرد چاہے جتنے بھی بے گناہ لوگوں کو قتل کرلیں انہیں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں اور انہیں اب یقین ہے کہ آج نہیں تو کل وہ اس ملک کی اسمبلیوں تک پہنچ جائیں گے اور یوں وہ اس ملک کی تقدیرکے بلا شرکت غیرے مالک بن جائیں گے۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہمارے سرکاری ادارے اِن خود کش دھماکے کرنے والوں کونہیں پہچانتے اور یا پھر پہچاننے کے باوجود ان سے نظریں چرا رہے ہیں۔ یہ ہمارے سیاستدانوں کے لئے بھی سوچنے اور سمجھنے کا مرحلہ ہے کہ دہشت گرد کسی بھی صورت ملک و قوم کے لئے مفید واقع نہیں ہو سکتے اوروہ کسی بھی محب وطن گروہ یا پارٹی کے خیر خواہ نہیں ہیں۔

چلتےچلتےایک جملہ یہ بھی لکھتا چلوں کہ بلوچستان کے شہر مستونگ کے قریب انتخابی جلسے کے دوران خودکش بم دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے نوابزادہ سراج رئیسانی بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 35 میں اپنے بھائی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نوابزادہ اسلم رئیسانی کے مقابلے میں ہی امیدوار تھے۔

یہ ٹھیک ہے کہ اس حملے کی زمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے لیکن یہ بھی ہمیں یاد رہنا چاہیے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی سرپرستی کون کرتا چلا آرہا ہے۔

کہیں بادشاہت کی طرح دہشت گردوں کی بیساکھیوں کا سہارا لینے والوں کی سیاست بھی تو بانجھ نہیں ہوتی اور کہیں سیاسی معرکے میں اپنا ہی خون سفید تو نہیں ہو گیا۔ جو شخص اقتدار کے نشے میں دوسروں کی لاشوں پر ٹشوپیپر کے ڈبے بھیجنے کی کہہ سکتا ہے وہ اقتدار کے حصول کے لئے شاید کچھ بھی کر سکتا ہے۔

سراج رئیسانی سے ہمدردی اپنی جگہ لیکن اسلم رئیسانی کا چہرہ اپنی جگہ توجہ کا طالب ہے۔ آخر ہم کب تک اسی طرح بیٹھے رہیں گے اور قاتلوں کی شناخت سے انکار کرکے طالبان و داعش کے سائے کو پیٹتے رہیں گے!؟؟؟

ہمیں اب تو سمجھ جانا چاہیے کہ کون لوگ اس ملک میں دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں، ان کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کر رہے ہیں،ان کی طاقت سے اپنے مخالفین کو کچل رہے ہیں اور ان کے نام فورتھ شیڈول سے نکلوا کر انہیں اسمبلیوں میں بھیجنے کے لئے تگ و دو کر رہے ہیں۔

nazar
About the Author: nazar Read More Articles by nazar: 115 Articles with 74740 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.