فوج ہو تو ایسی

تحریر: حافظ امیرحمزہ سانگلہ ہل
پوری دنیااس بات کی شاہد ہے کہ پاکستانی فوج نے امن وامان کی فضا پیداکرنے کے لیے اس پورے خطے میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اورپورے خطے میں امن وامان کی صورتحال پیداکرنے کے لیے ملک پاکستان کی فوج کئی دہائیوں سے حالت جنگ میں ہے،کیونکہ پاکستان پورے خطے میں امن وامان کو نہایت اہم مسئلہ سمجھتا ہے۔جب بھی د ہشت گردوں نے پاکستان میں امن وامان کی فضاکو خراب کرنے کی جسارت کی توپاکستانی فوج نے دہشت گردوں کو ناکام کرنے کے لیے ان کے ناپاک عزائم، ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔پچھلے سالوں جب دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں حملہ کیااور پھولوں جیسے بے گناہ بچوں کو شہید کیا،تو اس کے بعدپاک فوج نے سابقہ آرمی چیف جنرل رحیل شریف صاحب کی قیادت میں آپریشن’’ ضرب عضب‘‘ شروع کیاجو کہ بڑی ہی کامیابیوں کے سے پایہ تکمیل کو پہنچا،اسی طرح جب دشمن نے پاکستان کے اندر دہشت گردی کے ناسور کوپھر ہوادی تو پاکستانی فوج کے موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ صاحب نے دشمن کے عزائم کو نیست ونابود کر نے کے لیے’’ ردالفساد‘‘ ـــکے نام سے آپریشن کا بقاعدہ آغاز کردیا،جو کہ الحمدﷲ ،اﷲ تعالی کے فضل وکرم سے کامیابی کے ساتھ جاری وساری ہے ۔

اب یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ بھارت ریاستی سطح پرارض پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کررہا ہے، جیساکہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت پاکستان کئی بار دنیا کے سامنے پیش کرچکا ہے اورمزیدبھارتی دہشت گردی کی زندہ مثال کلبھوشن یادو ہے کہ جس نے ارض پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہوئے ملک پاکستان میں امن وامان کی فضا کو خراب کیااور اس بات کااس نے اعتراف بھی کیا ہے۔

اسی طرح پاکستانی عوام اپنی فوج سے بے حدمحبت وعقیدت کرتی ہے ۔جبکہ جس ملک و قوم کا یہ طرزعمل ہو اپنی فوج کے ساتھ تو ایسی فوج بہترین اور قابل فخر ہوتی ہے۔یہ اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب پاکستانی فوج نے آپریشن ’’ضرب عضب ‘‘شروع کیا تو پاکستانی عوام نے پاک فوج کی بھر پور حمایت کی ،اسی طرح حال ہی میں جب پاک فوج نے آپریشن ’’ردالفساد‘‘ شروع کیا تو عوام نے بھر پور حمایت کی۔الغرض جب بھی کسی دشمن نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی ہرزہ سرائی کی تو پاکستانی عوام نے پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑنے کا عزم کیا ہے ۔

آج جو ہم وطن عزیز میں سکھ کا سانس لے رہے ہیں ،امن و امان سے زندگی بسر کر رہے ہیں ،اس کے پیچھے بہت بڑی نا ختم ہونے والی داستان ہے ،نوجوانوں کی جوانیاں ،بہنوں کے بھائی ،والدین کے لخت جگر یعنی پاک فوج ہے کہ جس نے اس وطن عزیز پاکستان کے تحفظ کی قسم کھائی ہے اور پھر یہ تحفظ کا حق ادا کرتے ہوئے کسی چیز کی پرواہ نہیں کرتے یہاں تک کہ اپنی جانوں تک کانظرانہ اس ارض پاک کے لئے پیش کر دیتے ہیں ۔ پاک فوج کی بہادری ،شجاعت اور جرأت کو پوری دنیا بخوبی جانتی ہے ۔کئی سالوں سے پاک فوج متعدد مقابلوں میں صلاحیتوں کے اعتبار سے پہلے نمبرپر فوج ہونے کارکارڈ اپنے نام کر چکی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ یہ دشمن کو گوارا نہیں اور پاک فوج کی دلیری اور جذبہ حب الوطنی کو ناکام کرنے کے لئے دشمن قوتیں کئی سالوں سے وطن عزیز پاکستان میں انتشار اور عوامی سطح پر پاکستانی عوام کو فوج کے خلاف اکسا رہی ہیں ،لیکن یہ دشمن کی بھول ہے اور وہ ہر محاذ پر ناکام و نامراد رہیں گے اور پاک فوج کا ستارہ بلند سے بلند ہوتا جائے گا۔ان شاء اﷲ
 

Rasheed Ahmed Naeem
About the Author: Rasheed Ahmed Naeem Read More Articles by Rasheed Ahmed Naeem: 126 Articles with 109515 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.