جنازہ سے متعلق چند سوالوں کے جواب (دوسری قسط)

11/اکتوبر 2018 کو جنازہ سے متعلق چند سوالوں کے جواب میں نے دئے تھے ، اس کے بعدمزید چند سوالات آگئے جن کا مختصر جواب نیچے دیا جارہاہے ۔

(1) کیا میت کو زمین والی قبر میں ہی دفن کرنا ضروری ہے یا زمین کے اوپر بھی دفن کیاجاسکتا ہے؟
جواب : اسلام میں سدا سے مردوں کو زمین میں دفن کرنے کا عمل رہا ہے ، اس طریقہ پر ہمیشہ مسلمان عمل پیرا رہے۔ اللہ تعالی نے بھی اس حقیقت کا ذکر کیا ہے کہ انسانوں کی تخلیق مٹی (زمین)سے ہے، وہ مرکر اسی زمین میں جاتا ہے اور اسی زمین سے قیامت میں اٹھایا جائے گا۔ فرمان باری تعالی ہے:
مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ وَفِيهَا نُعِيدُكُمْ وَمِنْهَا نُخْرِجُكُمْ تَارَةً أُخْرَى (طه:55 ).
ترجمہ:اس زمین میں سے ہم نے تمہیں پیدا کیا اور اسی میں پھر واپس لوٹائیں گے اور اسی سے پھر دوبارہ تم سب کو نکال کھڑا کریں گے ۔
عہدرسالت میں جن کی بھی وفات ہوئی نبیﷺ نے زمین میں قبر کھود کر دفنانے کا حکم دیا ۔آج بھی صحابہ کرام کی قبریں حتی کہ خود آپ ﷺ کی قبر مبارک اس بات کا ثبوت ہیں۔
جب نبی ﷺ کی بیٹی ام کلثوم رضی اللہ عنہا کو (زمین والی )قبرمیں دفنایا جارہاتھا تو آپ ﷺ نےپوچھا تھا کہ کیا تم میں کوئی ایسا شخص بھی ہے کہ جو آج کی رات عورت کے پاس نہ گیا ہو۔ اس پر ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں ہوں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پھر قبر میں تم اترو چنانچہ وہ ان کی قبر میں اترے۔(صحیح بخاری:1285)
سیدنا ہشام بن عامر ؓ سے مروی ہے کہ احد کے روز انصاری لوگ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور کہا : ہم زخمی ہیں اور تھکے ہوئے بھی تو آپ ﷺ کیا ارشاد فرماتے ہیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا:احفُروا وأوسِعوا ، واجعَلوا الرَّجُلَيْنِ والثَّلاثةَ في القبرِ (صحيح أبي داود:3215,3216)
ترجمہ: قبریں کھودو اور کھلی کھلی بناؤ اور دو دو اور تین تین کو ایک ایک قبر میں دفنا دو ۔
عبداللہ بن عباس ؓ کہتے ہیں کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا:اللَّحدُ لَنا والشَّقُّ لغيرِنا(صحيح الترمذي:1045)
ترجمہ: بغلی قبرہمارے لیے ہے اور صندوقی قبر اوروں کے لیے ہے۔
بغلی والی قبر کہتے ہیں کہ زمین میں میت کے قد برابر مستطیل گڑھا کھودا جائے پھر قبلہ کی جانب نیچے والی دیوار میں میت کے جسم کے مطابق گڑھا کھودا جائے اورشق(شگاف) ہیں کہ زمین میں میت کے برابر لمبا گڑھا کھودا جائے ۔
ان سارے دلائل سے معلوم ہوتا ہے کہ میت کے لئے قبر زمین میں ہی کھودی جائے اور اسی میں دفن کیا جائے ۔
بعض علاقوں میں تھوڑی سی زمین کھودنے پر نیچے سے پانی آجاتا ہے ، وہاں قبر کھودکر مردوں کو دفن کرنا مشکل ہے ، ایسی صورت میں زمین کے اوپر دفن کرنے کی جو مناسب صورت بنے دفن کیا جاسکتا ہے مگر پہلے کوشش یہی ہو کہ زمین میں دفن کی صورت اختیار کی جائے اور آج کازمانہ ترقی یافتہ ہے، قبرستان کی مشکلات کو دور کرسکتے ہیں۔ کہیں پر قبرستان بناکر اس میں مٹی ڈال کر اس قدراونچا کرلیا جائے کہ قبر کے برابر زمین کھودنے پرپانی نہ نکلے اس طرح ہم اپنے مردوں کوزمین میں دفن کرسکیں گے ۔
(2) کیا میت کو دفنانے کے بعد اذان دینا صحیح ہے کیونکہ میں نے دو جگہ ایسا کرتے ہوئے دیکھاہے؟۔
جواب : قبر پر یا قبرستان میں اذان دینا بدعت ہے اور بدعت گمراہی کا نام ہے ۔ رسول اللہ ﷺ کے فرامین میں قبرستان میں اذان دینے کا کوئی ذکر نہیں ہےبلکہ چار فقہی مذاہب میں بھی اس کا کوئی ذکر نہیں ہے ۔ قبرستان میں اذان دینے کا عمل بریلوی طبقہ میں رائج ہے کیونکہ اس کے گرو اعلی حضرت نے قبرپہ اذان دینے کی کتاب لکھا ہے ۔ ہمارے لئے رب کا قرآن اور نبی کافرمان کافی ہے ان دونوں کتابوں میں قبر پر اذان کاکوئی ثبوت نہیں ہے جو قرآن وحدیث کے خلاف عمل کرتا ہے اس کا وہ عمل مردودوباطل ہے۔
(3) دفنانے کے بعد میت کے سر کی طرف اور پاؤں کی جانب کھڑے ہوکر سورۃ بقرہ کا آخری حصہ پڑھا جاتا ہے اس عمل کی کیا حیثیت ہے؟ ۔
جواب : امام طبرانی نے المعجم الکبیر(13613) میں اور بیہقی نے شعب الایمان(8854) میں ایک روایت ذکر کی ہے۔
إذا ماتَ أحدُكم فلا تحبِسوهُ ، وأسرِعوا بهِ إلى قبرِهِ ، وليُقرَأْ عندَ رأسِه بفاتحةِ الكتابِ ، وعندَ رجلَيهِ بخاتمةِ البقرةِ في قبرِه۔
ترجمہ: جب تم میں سے کوئی مر جائے تو اسے روک نہ رکھو بلکہ اسے قبر کی طرف جلدی لے جاؤ اور اس کی قبر پر اس کے سر کی جانب سورہ فاتحہ اور اس کے پاؤں کی جانب سورہ بقرہ کی آخری آیات پڑھی جائیں۔
ہیثمی نے مجمع الزوائد(3/47) میں اس روایت کو ضعیف کہا ہے اور شیخ البانی نے السلسلة الضعيفة(4140) میں بہت ہی ضعیف کہا ہے ۔ اس لئے میت کو دفنانے کے بعد اس کے سرہانے یا پیر کی جانب سورہ فاتحہ یا سورہ بقرہ کی آیات پڑھنا غیرمسنون عمل ہے اس سے بچنا چاہئے بلکہ قبرستان میں قرآن پڑھنے کی سرے سے کوئی صحیح دلیل نہیں ہے۔
(4) میت کو لحد کے اندر لے جاتے وقت کچھ مٹی گر جاتی ہیں تو کچھ لوگ فوراً چیخ اٹھتے ہیں کہ مٹی کو اندر نہ گرنے دیں بلکہ جو مٹی گر جاتی ہے اسکو بھی نکال لی جاتی ہے یہ بات مجھے حیرت میں ڈال رہی ہے۔
جواب : میرے خیال سے قبر کے پاس لوگوں کو احتیاط برتنے کو کہاجاتا ہوگا تاکہ میت پر مٹی نہ گرے ،بد احتیاطی میں قبر کا سرا بھی ٹوٹ سکتا ہے ، آدمی بھی اس میں گرسکتا ہے۔ شاید یہی نیت ہوگی ۔ تھوڑی بہت مٹی قبر میں گرجائے تو اسے نکالنے کی ضرورت نہیں ہے خواہ میت کو دفن کرتے وقت گرے یا اس سے قبل ۔ جو گورکن ہوتے ہیں وہ بڑی محنت سے قبر کھودتے ہیں اس کے سامنے کسی سے ذرہ برابر بھی مٹی قبر میں گرے برداشت نہیں ہوتا اس لئے لوگوں پر چلا اٹھتے ہیں ، اگر آپ اپنے گھر کو صاف ستھراکریں اور کوئی دوسرا وہاں گندا کرے تو شاید آپ کو بھی برداشت نہیں ہوگا۔
(5) میت کو لحد میں لٹانے کے بعد لکڑی کے پھٹوں یا کنکریٹ کی بنی سلوں سے ڈھانپ دیا جاتا ہے تو کچھ جگہوں پر چھوٹے سوراخ رہ جانے کی بنا پر انکو پتھر، اینٹوں یا کاغذ کے ٹکڑوں سے بند کیا جاتا ہے کیا یہ ضروری عمل ہے؟۔
جواب : یہ اس لئے ایسا کیا جاتا ہے تاکہ جب مٹی ڈالی جائے تو قبرکے اندر نہ گرے اور اسی طرح مردہ خور جانور کمزور مقامات سے قبر میں داخل ہوکر میت کو چیرپھاڑسکتا ہے جبکہ ہمیں میت کی بے حرمتی سے منع کیا گیا ہے اس لئے ضروری ہے کہ قبر کو پہلے مضبوطی سے بند کیا جائے پھر اس پر مٹی ڈالی جائے ۔
(6) کیا جنازہ اٹھاتے وقت اور قبرستان تک لے جاتے ہوئے پورے راستے میں کلمہ شہادت پڑھنا ضروری ہے؟
جواب : جنازہ کے ساتھ چلتے ہوئے خاموشی اختیار کی جائے ، بعض لوگ کلمہ شہادت اور بلند آواز سے ذکر کرتے ہیں جوکہ دین میں نئی ایجاد ہے ۔ صحابہ کرام جنازہ کے پیچھے آواز بلند کرنے کو ناپسند فرماتے تھے ۔كان أصحابُ النَّبيِّ صلَّى اللهُ علَيهِ وسلَّمَ يكرهونَ رفعَ الصَّوتِ عند الجنائزِ .(أحكام الجنائزللالبانی : 92)ترجمہ: نبی ﷺ کے اصحاب جنازہ کے پیچھے آواز بلند کرنے کو ناپسند فرماتے تھے ۔
٭ شیخ البانی نے کہا کہ اس کی سند کے رجال ثقہ ہیں ۔
نبی ﷺ کا فرمان ہے : لا تُتبَعُ الجَنازةُ بصَوتٍ ولا نارٍ(سنن أبي داود:3171)ترجمہ: جنازے کے پیچھے آواز اور آگ کے ساتھ نہ آ۔
شیخ البانی نے کہا کہ اس کی سند میں غیر معروف ہے مگر مرفوع شواہد اور بعض موقوف آثارسے اسے تقویت ملتی ہے ۔ (احکام الجنائز:91)
اس کا مطلب یہ ہوا کہ جنازہ کے پیچھے جس طرح آواز لگانا منع ہے اسی طرح آگ لے کر جانا منع ہے کیونکہ اس میں اہل کتاب کی مشابہت ہے ۔
(7) مسجد میں مائیک سے یا رکشتہ وغیرہ میں لاؤڈسپیکر لیکر جنازہ کی خبر دینا جائز ہے ، یہ ہمارے علاقہ میں رواج کی شکل اختیار کرلیا ہے؟
جواب: اصل وفات کی تشہیر کرنا منع ہےجوکہ نعی میں داخل ہے لیکن تجہیزوتکفین میں شامل ہونے اور دعائے مغفرت کے لئے اعزاء واقارب اور مسلمانوں کو خبر دینے کی غرض سے موبائل سے فون کرنے یا مسجد کے اسپیکر سے اعلان کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ رکشہ اور گاڑی وغیرہ میں اسپیکر لگاکر گاؤں گاؤں میت کا اعلان کرنا درست نہیں ہے۔
(8) جس وقت میت کے لئے نماز جنازہ ہوتی ہے اس وقت میت کا چہرہ کس طرف ہونا چاہئے ؟
جواب : اس وقت میت کا چہرہ قبلہ رخ ہویا غیرقبلہ کوئی حرج نہیں ہے البتہ اہم با ت یہ ہے کہ امام کس جگہ کھڑا ہو ؟ میت مرد ہو تو امام سر کے پاس اور عورت ہو تو درمیان میں کھڑا ہو۔ اگر میت میں کئی مردوعورت اور بچے ہوں تو عورتوں کو قبلہ کی طرف پھر بچوں کو،اس کے بعد مردوں کو امام کی جانب رکھا جائے ۔
(9) کیا عورتیں الگ سے جماعت بناکر گھر میں جنازہ کی نماز ادا کرسکتیں ہیں ؟
جواب : بعض لوگوں کا خیال ہے کہ عورت نماز جنازہ نہیں پڑھ سکتی اور اس خیال سے متعلق ثبوت کے طور پر ایک روایت بیان کی جاتی ہے وہ اس طرح ہے :لَيْسَ للنِّسَاءِ في الجنازَةِ نصيبٌ(مجمع الزوائد:16/3)
ترجمہ: عورتوں کے لئے جنازہ میں کوئی حصہ نہیں ہے ۔
اس سے استدلال نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ ضعیف ہے ۔ شیخ البانی نے اسے بہت ہی ضعیف کہا ہے ۔(ضعيف الترغيب:2069)
حقیقت یہ ہے کہ عورتیں بھی میت کا جنازہ پڑھ سکتی ہیں ۔ حضرت ابوسلمی بن عبدالرحمن روایت کرتے ہیں کہ جب سعد بن وقاص رضی اللہ عنہ کا انتقال ہوا تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ادخُلوا به المسجدِ حتى أصليَ عليه(صحيح مسلم:973)
ترجمہ: سعد کا جنازہ مسجد میں لاؤ تاکہ میں بھی نماز جنازہ ادا کرسکوں ۔
عورتوں کی افضل نماز تو گھر میں ہی ہے ، اس لحاظ سے عورتیں میت کے غسل اور کفن کے بعد جمع ہوکر جماعت سے میت کی نماز جنازہ گھر ہی میں پڑھ لے تو کوئی حرج نہیں اور وہ مردوں کے ساتھ مسجد میں ادا کرنا چاہے تو بھی کوئی حرج نہیں ہے جیساکہ اوپر والی حدیث عائشہ گزری جس سے مسجد میں عورت کا نماز جنازہ پڑھنا ثابت ہوتا ہے۔
اس بارے میں شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ سے سوال کیا گیا کہ کیا عورتوں کے لئے جائز ہے کہ گھر کی ساری عورتیں جمع ہوکر گھر ہی میں میت کی نماز جنازہ پڑھ لے؟
توشیخ رحمہ اللہ نے جواب کہ کوئی حرج نہیں عورتیں نماز جنازہ مردوں کے ساتھ مسجد میں ادا کرے یا جنازہ والے گھر میں ادا کرلے کیونکہ عورتوں کو نماز جنازہ پڑھنے سے منع نہیں کیا گیا بلکہ قبروں کی زیارت کرنے سے منع کیا گیا ہے ۔ ("مجموع فتاوى" ابن عثيمين:17/157)
(10) ایک بھائی کا اعتراض ہے کہ ایصال ثواب کا لفظ استعمال کرنا غلط ہے کیونکہ یہ قرآن وحدیث میں کہیں نہیں آیا ہے ، بدعتیوں میں اس کا مخصوص طریقہ اور مخصوص ماحول ہے اس سلسلے میں آپ کی رہنمائی درکار ہے ؟
جواب : لفظ "ایصال ثواب" کے استعمال میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ مروجہ طریقہ تو بہت ساری چیزوں میں ہے اس کی وجہ سے ہم صحیح الفاظ استعمال نہیں کر سکتے ہیں ایسا نہیں ہے۔ میت کو زندہ شخص اپنے بعض اعمال سے فائدہ پہنچاتا ہے یہ ایصال ثواب ہی ہے۔ بدعتیوں کے نزدیک وسیلہ کا مروجہ طریقہ شرکیہ ہے تو کیا ہم وسیلہ کا استعمال ترک کر دیں گے؟ ۔ نہیں۔
جیسے وسیلہ میں مشروع و غیر مشروع وسیلہ ہے اسی طرح ایصال ثواب میں بھی مشروع وغیرمشروع ایصال ثواب ہے اس وجہ سے ایصال ثواب کے استعمال میں حرج نہیں ہے ۔ اس لفظ کو بہت سے سلفی علماء نے بھی استعمال کیا ہے اور عربی میں تو اس کا استعمال عام ہے ۔
 

Maqubool Ahmad
About the Author: Maqubool Ahmad Read More Articles by Maqubool Ahmad: 320 Articles with 350197 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.