مِس کال Miss Call

شروع شروع کی بات ہے جب موبائل نیا نیا آیا تھا تو قسمت سے میرے پاس جو سیٹ آیا وہ بڑا اور مضبوط قسم کا تھا ۔ اُس کے بڑے فوائد محسوس ہوۓ کہ کاروباری اور دفتری فون کال ، دوست یا محبوب کو فون کرنے کے علاوہ بھی بہت فوائد ہیں ۔
اگر تکیہ سوتے میں گِر کر بستر کے نیچے چلا جاۓ تو موبائل کو ہی تکیہ بنا لیا جاۓ جس پر آج تو پوری قوم تکیہ کئے ہوۓ ہے۔

وہ نوکیا nokia کا موٹا ،کالا ،بڑا سا مضبوط فون تھا جو آے دن گرتا اور پھر اُٹھ کر کھڑا ہو جاتا اور پھر سے کام شروع کر دیتا ۔
میں اُس سے کیل بھی ٹھونک لیا کرتا ۔
ایک بار تو حد ہی ہو گئ کہ بات کرتے کرتے پورا فون پانی اور کیچڑ میں ڈوب گیا ۔ جس خاتون سے بات ہو رہی تھی وہ بدستور جاری تھی ۔ بس ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ پانی میں ڈُبکی لگا کر بات کر رہی ہو اور آواز بُلبُلوں کی صورت نکل رہی ہو ۔ ایک اچھی خاصی شریفانہ کال call رومانوی romantic call میں بدل چُکی تھی جس کو مُنقطع کیا جانا ہی مُناسب لگا۔
اب میں نے اسکرین چیک کی تو display ہو رہا تھا مگر جیسے پانی کے اندر چاند کا عکس لہرا رہا ہوتا ہے۔ دھُندلے لہراتے ہوے الفاظ بڑے خوبصورت لگ رہے تھے۔

میں نے موبائل سیٹ کو دھوپ میں سُکھانے کے لئے کپڑے سُکھانے والے تار پر اُلٹا لٹکا دیا ۔ تھوڑی دیر میں وہ خُشک ہو گیا اور پھر سے ٹھیک ہو گیا جس کی وجہ سے میرا حلق خُشک ہونے سے بچ گیا اور میں بھی ٹھیک ہو گیا۔

پہلی دفع مِسڈ کال missed call بڑی اچھی لگی جو کسی مِس miss کی تھی جو مُجھے بہت مِس بھی کرتی تھی اور میں نہ کر کے بھی یہی ایس ایم ایس کرتا کہ
I miss u 2

حالانکہ مِس تو چار کر چُکا ہوتا جو چار مُختلف مِس کی مِس کال ہوتیں جو میرے لئے مِس ورلڈ miss world سے کم نہ ہوتیں اور آج کل تو عام فہم زبان میں اسے مِس ورلڈ کی طرح مِس کال ہی پُکارا جانے لگا ہے ۔
اگر مِس کال کو غلطی سے کوئ کسی اور زاویہ سے سوچنے لگ جاۓ تو لینے کے دینے بھی پڑ سکتے ہیں ۔
حفاظتی نُقطہ نظر سے مِس کال Miss call کو مِسٹر کال Mister call کہنا زیادہ مُناسب ہے.

اگر کال کرنے والے کا اُدھار چڑھا ہو تو اس کال کے مُقدر میں تاحیات مِس ہونا لکھ دیا جاتا ہے اور اگر غلطی سے اُٹھا لی جاۓ تو آواز بگاڑ کر یہی چند جُملے کہے جاتے ہیں کہ

۱صاحب گھر پر نہیں ہیں !
زرا زور سے بولیں ، آواز نہیں آرہی
وہ بیچارا زور لگاتا رہ جاتا ہے اور رابطہ مُنقطع ہو جاتا ہے۔
یا پھر صارف کو دوسری کال پر مصروف ہونا پڑتا ہے۔
اور کال کرنے والا اپنے پیسوں اور آپ کو بہت مِس کرتا ہے۔
یوں آپ کے فون کی میموری میں لاتعداد مِس کالوں missed calls میں ایک نومولود کا اضافہ ہو جاتا ہے۔

ایک مُقدس کال بھی ہوتی ہے جو ایک کتاب کے مُطابق مِس نہیں کی جانی چاہیے وہ خدا کی طرف سے ہوتی ہے جب وہ کسی کو آپ کے پاس بھیجتا ہے کہ آپ اُس کی ضرورت پورا کرتے ہیں یا خُدا کی کال مِس کر دیتے ہیں جو ہم اکثر کر دیتے ہیں ۔

Noman Baqi Siddiqi
About the Author: Noman Baqi Siddiqi Read More Articles by Noman Baqi Siddiqi: 255 Articles with 290892 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.